پاکستان
Time 12 دسمبر ، 2020

اپوزیشن مسائل بات چیت سے حل کرے، وزیراعلیٰ پنجاب

وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے اپوزیشن کو مسائل بات چیت سے حل کرنےکامشورہ دیتے ہوئےکہا ہےکہ اپوزیشن سے کوئی پوچھے، ایسی کون سی ایمرجنسی ہےکہ وہ کورونا اور دہشت گردی کے واقعات کے باوجود جلسے کرنے سے باز نہیں آ رہی۔

گنگا رام اسپتال لاہورکے دورےکے موقع پر میڈیا سےگفتگوکرتے ہوئے عثمان بزدار کاکہنا تھاکہ کورونا کی دوسری لہر خطرناک حد تک پھیل رہی ہے، دہشت گردی کے ممکنہ واقعات کی اطلاعات بھی ہیں، ایسے میں جلسہ جلسہ کھیلنا عوام اور ملک کےلیے نقصان دہ ہوسکتا ہے۔

عثمان بزدار کا کہنا تھاکہ کورونا کے بڑھتے کیسوں کے دوران جلسہ کرناکسی طور پر مناسب نہیں، اپوزیشن عوام کی جانوں سے نہ کھیلے، اجازت کے بغیر جو بھی جلسہ کرےگا اس کے خلاف قانون کے مطابق کاروائی کریں گے۔

دوسری جانب صوبائی وزیر برائےکالونیز وجیل خانہ جات فیاض الحسن چوہان کا کہنا ہےکہ ماضی کی طرح اب بھی زبردستی کارکنان کولانےکا سلسلہ نہ رک سکا جب کہ گریٹر اقبال پارک وزیراعظم عمران خان کی ایک کال پرکھچا کھچ بھرجاتا ہے۔

فیاض الحسن چوہان کا کہنا ہےکہ اب 11جماعتیں اقبال پارک بھرنےکےلیے سرتوڑ کوششیں کررہی ہیں،بیگم صفدراعوان نے ہرحلقےکی الگ کرسیاں لگانےکا حکم دیا ہے اور مولانا فضل الرحمان بھی شاید مدرسوں کے بچوں کو آنےکا پابندکریں جب کہ  پیپلزپارٹی کی دیہاڑی دار مزدوروں کو جلسوں میں بلانےکی روایت بھی سامنے ہے۔

خیال رہے کہ اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کی جانب سے کل لاہور میں مینار پاکستان پر عوامی قوت کا مظاہرہ کرنے کا اعلان کیا گیا ہے اور کل کے جلسے کے لیے تیاریاں زوروشور سے جاری ہیں۔

مزید خبریں :