12 دسمبر ، 2020
بھارت کے معروف اپوزیشن رہنما اور ریاست بہارکے سابق وزیراعلیٰ لالو پرساد یادیو شدید علیل ہیں اور ڈاکٹر کے مطابق ان کے گردے کسی بھی وقت کام کرنا چھوڑ سکتے ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق کرپشن کے الزامات میں قید کی سزا کاٹنے والے راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) کے 72 سالہ سربراہ رانچی کے اسپتال میں زیر علاج ہیں جہاں ان کی حالت تشویش ناک بتائی گئی ہے۔
رانچی کے اسپتال میں لالو پرساد یادیو کا علاج کرنے والے ڈاکٹر نے تشویش ظاہر کرتے ہوئےکہا ہے کہ لالو پرساد کے گردے صرف 25 فیصد کام کررہے ہیں اور کسی بھی وقت کام کرنا چھوڑ سکتے ہیں ۔
ڈاکٹر کے مطابق شوگر کے باعث لالو پرساد کے گردوں کو شدید نقصان پہنچا ہے اور خدشہ ہےکہ کسی بھی وقت انہیں ڈائلیسز پر منتقل کرنا پڑسکتاہے، اس حوالے سے اعلیٰ حکام کو بھی اطلاع دے دی گئی ہے۔
واضح رہے کہ لالو پرساد کو 2017 اور 2018 میں کرپشن اور گھپلے کے 2 مقدمات میں 7،7 سال قید کی سزا سنائی گئی تھی جن میں سے ایک میں ان کی ضمانت ہوچکی ہے۔
دسمبر 2017 میں گرفتاری کے بعد اگست 2018 میں طبیعت کی خرابی کے باعث انہیں رانچی کے اسپتال میں داخل کیا گیا تھا جہاں وہ اب تک زیر علاج ہیں۔