’واجد نے اسلام قبول نہ کرنے پر طلاق کی دھمکی دی‘، اہلیہ کا الزام

واجد نے 2014 میں اسلام قبول نہ کرنے کی صورت میں طلاق دینے کی دھمکی دی لیکن میں خاموش رہی کیونکہ ان کا کیرئیر داؤ پر لگا ہوا تھا: کمال رخ خان— فوٹو:فائل

بالی وڈ کے مرحوم موسیقار  واجد خان کی اہلیہ کمال رخ خان نے شادی کے حوالے سے کئی انکشافات کیے ہیں۔

میوزک ڈائریکٹر واجد خان کا رواں سال یکم جون کو انتقال ہوگیا تھا، ان میں کورونا وائرس کی بھی تشخیص ہوئی تھی اور وہ گردوں کے بھی عارضے میں مبتلا تھے۔ 

اب ان کی اہلیہ کمال رخ خان نے انکشاف کیا ہے کہ 2014 میں دونوں کے درمیان علیحدگی ہوگئی تھی۔

کمال رخ خان نے اس علیحدگی کی وجہ مذہب کی تبدیلی کو قرار دیتے ہوئے کہا کہ واجد بہترین انسان اور باصلاحیت موسیقار تھے لیکن ان میں ایک خامی تھی کہ وہ ذہن کے کچے تھے اورکوئی بھی انہیں آسانی سے متاثر کرسکتا تھا۔

انہوں نے بتایا کہ واجد نے 2014 میں اسلام قبول نہ کرنے کی صورت میں طلاق دینے کی دھمکی دی لیکن میں خاموش رہی کیونکہ ان کا کیرئیر داؤ پر لگا ہوا تھا۔

خیال رہے کہ واجد خان کی اہلیہ کمال رخ خان پارسی مذہب سے تعلق رکھتی ہیں اور ان کے 2 بچے بھی ہیں جبکہ ان کی شادی 17 سال تک رہی۔

واضح رہے کہ واجد خان معروف طبلہ نواز استاد شرافت علی خان کے بیٹے تھے جب کہ واجد خان اور ان کے بھائی ساجد خان کا میوزک گروپ ساجد واجد کے نام سے مشہور ہے۔

میوزک کمپوزر واجد خان نے سلمان خان پر فلمائے گئے 2 گانوں کی موسیقی بھی ترتیب دی تھی جب کہ انہوں نے سلمان خان کے ساتھ فلم 'دبنگ'، 'ایک تھا ٹائیگر' اور 'وانٹڈ' میں بھی کام کیا تھا۔

مزید خبریں :