پاکستان
Time 25 دسمبر ، 2020

جمعیت علمائے اسلام سے نکالے گئے حافظ حسین احمد کا ردعمل سامنے آگیا

جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) سے نکالے گئے حافظ حسین احمد کا بیان سامنے آگیا۔

حافظ حسین احمد کا کہنا ہے کہ آج جے یو آئی کے 4 سینیئر اور بانی رہنماؤں کی رکنیت ڈکٹیٹر شپ سے ختم کی گئی۔

انہوں نے کہا کہ جمہوریت کے دعویدار اپنی جماعتوں میں جمہوریت برداشت نہیں کرتے، جہاں کسی لیڈر کی شان کے خلاف بات کی گئی اس کی رکنیت ختم کردی جاتی ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) بیانیے کی مخالفت پر حافظ حسین سے پارٹی عہدہ واپس لے لیا گیا تھا۔

بعد ازاں گزشتہ دنوں سابق چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل مولانا محمد خان شیرانی کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان خود سلیکٹڈ ہیں، وہ عمران خان کو کیسے کہتے ہیں کہ وہ سلیکٹڈ ہے، میرا ماننا ہےکہ یہ پارٹی کسی کی ذاتی جاگیر نہیں، اگر کوئی ایسا سوچ رہاہے تو یہ اس کی خام خیالی ہے۔

اس کے بعد جمعیت علمائے اسلام کی مجلس عاملہ کا اسلام آباد میں اجلاس ہوا جس میں مولانا محمد خان شیرانی، حافظ حسین احمد، مولاناگل نصیب خان اور مولانا شجاع الملک کوپارٹی سے نکالنے کا فیصلہ کیا گیا۔

پارٹی ترجمان کے مطابق جماعت سے خارج کیےگئے افراد کے بیانات اور رائے کا اب پارٹی سے کوئی تعلق نہیں ہوگا، جماعت سے نکالے گئے افراد کو فیصلے کی کاپیاں بھجوادی گئی ہيں۔ 

مزید خبریں :