Time 29 دسمبر ، 2020
پاکستان

پیپلزپارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آگئی

شاہد خاقان عباسی کے بیرون ملک جانے اور جیل میں شہباز شریف کی ملاقات پرسینٹرل کمیٹی نے تشویش کا اظہار کیا: ذرائع— فوٹو: پی پی 

پاکستان پیپلزپارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹیو کمیٹی(سی ای سی) اجلاس اندرونی کہانی سامنے آگئی۔

باخبر ذرائع نے جیو نیوز کو بتایا کہ بلاول بھٹو زرداری اور آصف علی زرداری کی صدارت میں ہونے والے مرکزی مجلس عاملہ کے اجلاس میں ملکی سیاسی صورتحال اور پی ڈی ایم تحریک پر ارکان نے کھل کر رائے کا اظہار کیا۔

اجلاس میں بعض ارکان نے کہا کہ پیپلز پارٹی کسی کی ڈکٹیشن پر نہیں چل سکتی، جمہوری قوتوں کو جھانسے میں نہیں آنا چاہیے، ہم نئی پی این اے نہیں بن سکتے۔

ذرائع کے مطابق بعض ارکان نے سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کو بیرون ملک جانے کی اجازت اور جی ڈی اے رہنما محمد علی درانی کی جیل میں شہباز شریف سے ملاقات پر تشویش کا اظہار کیا۔ 

ذرائع نے بتایا کہ سی ای سی کے کئی ارکان کا مؤقف تھا کہ اسمبلیوں سے استعفوں کی صورت میں وفاقی حکومت کو 18 ویں ترمیم سمیت کئی اہم جمہوری قوانین کو ختم کرنے کا موقع مل سکتا ہے، اس لیے اسمبلیوں سے استعفے کے بجائے ضمنی الیکشن اور سینیٹ الیکشن میں حصہ لینا چاہیے۔ 

اجلاس کے دوران ایک رکن نے نشاندہی کی کہ جمعیت علمائے اسلام کی علاقائی قیادت کے کہنے پر مولانا فضل الرحمان گڑھی خدا بخش میں شہید بے نظیر بھٹو کی برسی کے جلسے میں شریک نہیں ہوئے جو انتہائی قابل افسوس ہے۔ 

ذرائع کے مطابق بلاول بھٹو نے ارکان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ کہ اپوزیشن اتحاد کو برقرار رکھنے کیلئے استعفوں کے معاملے کو مد نظر میں رکھا جانا چاہیے۔ 

مزید خبریں :