30 دسمبر ، 2020
مسلم لیگ (ن) کا سینیٹ انتخابات میں حصہ لینے یا نہ لینے سے متعلق مشاورتی اجلاس اسلام آباد میں ہوا۔
اجلاس میں مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز اور جنرل سیکرٹری احسن اقبال سمیت دیگر رہنما شریک تھے۔
ذرائع کے مطابق ن لیگ کے اجلاس میں ضمنی انتخابات کے معاملے پر مشاورت کی گئی جس میں ارکان کی رائے تھی کہ پارٹی کو ضمنی اور سینیٹ انتخابات میں حصہ لینا چاہیے۔
ذرائع نے بتایا کہ ارکان کی رائے تھی کہ سینیٹ کیلئے پارٹی سے وفادار اور مضبوط امیدوار لائے جائیں۔
ذرائع کے مطابق ضمنی اور سینیٹ الیکشن سے متعلق حتمی فیصلہ پارلیمانی پارٹی کے آئندہ اجلاس ہوگا۔
خیال رہے کہ پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ نے اتحاد میں شامل جماعتوں کے قومی و صوبائی اسمبلی کے ارکان کو استعفے اپنی قیادت کے پاس 31 دسمبر تک جمع کرانے کی ہدایت کر رکھی ہے جبکہ پی ڈی ایم نے حکومت کو 31 جنوری تک مستعفی ہونے کی مہلت دی ہے۔
اپوزیشن اتحاد میں شامل پیپلزپارٹی کے بھی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس میں شرکاء کی اکثریت نے اسمبلی سے استعفوں کی مخالفت کی ہے۔