Time 30 دسمبر ، 2020
پاکستان

لیگی رہنما خواجہ آصف کا ایک روز کا راہداری ریمانڈ منظور

اسلام آباد: احتساب عدالت نے (ن) لیگ کے رہنما خواجہ آصف کا ایک روز کا راہداری ریمانڈ منظور کرلیا۔

نیب حکام نے گزشتہ روز گرفتار کیےگئے لیگی رہنما خواجہ آصف کو اسلام آباد کی احتساب عدالت میں پیش کیا، اس موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئےتھے۔

خواجہ آصف کی پیشی پر احسن اقبال اور مریم اورنگزیب سمیت دیگر پارٹی رہنما بھی احتساب عدالت پہنچے۔

دورانِ سماعت نیب نے خواجہ آصف کے 2 روز کے راہداری ریمانڈ کی استدعا کی اس پر احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے ایک روزہ راہداری ریمانڈ منظور کرلیا۔

عدالت نے خواجہ آصف کو آج ہی لاہور منتقل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ممکن ہو تو آج ورنہ کل لازمی لاہورکی متعلقہ عدالت میں پیش کیا جائے۔

اس موقع پر خواجہ آصف خود روسٹرم پر آگئے اور عدالت کو بتایا کہ انہیں گرفتاری کی گراؤنڈ نہیں دی گئی جس پرعدالت نے نیب پراسیکیوٹر کو گراؤنڈ آف اریسٹ دینے کی ہدایت کی۔

بعد ازاں سماعت مکمل ہونے کے بعد نیب کی ٹیم خواجہ آصف کو عدالت سے لے کر روانہ ہوگئی۔

واضح رہے کہ نیب نے گزشتہ شب خواجہ آصف کو اسلام آباد میں احسن اقبال کے گھر سے گرفتار کیا ان پر آمدن سے زائد اثاثوں کا الزام ہے۔

مزید خبریں :