Time 04 جنوری ، 2021
پاکستان

مچھ واقعہ: شیخ رشید کی یقین دہانیاں مسترد، مظاہرین کا وزیراعظم سے کوئٹہ آنے کا مطالبہ

وزیراعظم نے اپنا جہاز دے کر کوئٹہ بھیجا، جوڈیشل کمیٹی کا اعلان کرتا ہوں، مکمل سیکیورٹی دی جائے گی، شیخ رشید، وزیر اعظم خود آئیں، رہنما ہزارہ برادری— فوٹو: سوشل میڈیا

شیخ رشید کی تمام تر یقین دہانیوں کے باوجود دھرنا مظاہرین نے دھرنا ختم کرنے سے انکار کردیااور مطالبہ کیا کہ وزیراعظم عمران خان خود کوئٹہ تشریف لائیں اور ان سب معاملات کو دیکھیں۔

وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر وفاقی وزیر داخلہ مچھ واقعے میں جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین اور دھرنا دینے والے مظاہرین سے ملاقات کے لیے کوئٹہ پہنچے۔

اس موقع پر شیخ رشید نے اپنے بیان میں کہا کہ مچھ سانحہ ظلم اور زیادتی ہے ، اس سانحے پر شرمندہ ہوں، دہشتگردوں نے چار مرتبہ مجھ پر بھی حملہ کیا، دہشتگردی کے خلاف جنگ میں ہماری گلی سے بھی 4 جنازے اٹھے ہیں۔

شیخ رشید نے مظاہرین کو بتایا کہ وزیراعظم نے پیغام دیا ہے کہ کسی صورت سانحہ مچھ کے مجرموں کو نہیں چھوڑیں گے، یقین دلاتا ہوں سانحہ مچھ کے ذمہ داران نہیں بچیں گے، لاپتہ افراد کے معاملے پر وزیراعظم سے ملاقات کراؤں گا۔

شیخ رشید نے مزید کہا کہ آپ عظیم لوگ ہیں جو قربانی دیتے ہیں اور ملک کے ساتھ وفاداری نبھاتے ہیں۔

وزیر داخلہ نے بتایا کہ انہوں نے آنے سے پہلے علامہ راجا ناصر عباس سے بات کی جنہوں نے کہا کوئٹہ جائیں۔ 

انہوں نے کہا کہ مچھ سانحے کے متاثرین کو 15 لاکھ روپے صوبائی حکومت اور وفاقی حکومت 10 لاکھ روپے دے گی۔

شیخ رشید مظاہرین سے اپیل کی کہ وہ شہداء کی تدفین کریں  اور ایک دن تجویز کرکے اسلام آباد آجائیں۔

انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم نے خصوصی طور پر اپنا جہاز دے کر انہیں کوئٹہ بھیجا۔ شیخ رشید نے کہا کہ میں سانحہ مچھ سے متعلق جوڈیشل کمیٹی کا اعلان کرتا ہوں، تمام شیعہ برادری کو مکمل سیکیورٹی دی جائے گی ، یقین دلاتا ہوں کہ مچھ میں 11 لوگوں کو قتل کرنے والوں کو نہیں چھوڑیں گے۔

شیخ رشید کی تمام تر یقین دہانیوں کے باوجود دھرنا مظاہرین نے دھرنا ختم کرنے سے انکار کردیا۔ اس موقع پر رہنما ہزارہ برادری نے مطالبہ کیا کہ وزیراعظم عمران خان خود کوئٹہ تشریف لائیں،ان سب معاملات کو دیکھیں۔

شیخ رشید نے کہا کہ صوبائی حکومت کے استعفے کے سوا تمام مطالبات مانتا ہوں، آج یا کل صبح وزیراعظم کو مظاہرین کے پیغام سے آگاہ کروں گا۔ بعد ازاں وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشید وفد کے ہمراہ دھرنے سے واپس روانہ ہوگئے۔

اس سے قبل مچھ واقعہ کے خلاف کوئٹہ میں جاری دھرنے کےشرکاء کی جانب سے قائم کردہ کمیٹی سے صوبائی وزراء کےمذاکرات بھی ناکام ہوئے تھے۔

شیخ رشید نے کہا کہ صوبائی حکومت کے استعفے کے سوا تمام مطالبات مانتا ہوں، آج یا کل صبح وزیراعظم کو مظاہرین کے پیغام سے آگاہ کروں گا— فوٹو: سوشل میڈیا

لواحقین اور ہزارہ برادری کا احتجاجی دھرنا دو روز سے کوئٹہ کے مضافاتی علاقے ہزارہ ٹاؤن سے متصل مغربی بائی پاس پر جاری ہے۔

مظاہرین نے صوبائی حکومت سے قاتلوں کی گرفتاری ورنہ مستعفی ہونےکا مطالبہ کیا ہے۔

خیال رہے کہ گذشتہ روز مچھ کےعلاقےگیشتری کی کوئلہ فیلڈ میں ہزارہ برادری سے تعلق رکھنے والے 11کان کنوں کو ہاتھ پیر باندھ کربے دردی سے قتل کیاگیا تھا۔

مزید خبریں :