05 جنوری ، 2021
مچھ میں کان کنوں کے قتل کیخلاف کراچی میں 3 مقامات پر دھرنے دے دیے گئے۔
نمائش چورنگی، ناگن چورنگی اور ابوالحسن اصفہانی روڈ پر مجلس وحدت المسلمین کے زیر اہتمام دھرنے دے دیے گئے۔
اس کے علاوہ ملک کے کئی شہروں میں سانحہ مچھ کیخلاف مظاہرے ہوئے۔
مچھ واقعہ کے خلاف کراچی پریس کلب پر ہزارہ برادری کی جانب سے احتجاج کیا گیا ، مقررین نے شہداء کے لواحقین سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے ملزمان کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا۔
سہراب گوٹھ سے ناگن چورنگی جانے والے روڈ پر پاور ہاؤس چورنگی کے قریب احتجاج کیا جارہا ہے، احتجاج کے باعث آنے جانے والے دونوں روڈ پر ٹریفک کی روانی متاثر ہے۔
گلشن اقبال میں ابوالحسن اصفہانی روڈ پر بھی احتجاج جاری ہے جس کے باعث سڑک ٹریفک کے لیے بند ہے اور ٹریفک کو ال آصف اسکوائر رینجرز چوکی اورپیراڈائز کی جانب سے متبادل راستہ دیاجارہا ہے۔
نمائش چورنگی پر بھی احتجاج جاری ہے جس میں مختلف شیعہ تنظیموں کے رہنما شریک ہیں۔ اس موقع پر مچھ کے شہداء کی یاد میں شمعیں بھی روش کی گئیں۔
علامہ صادق جعفری کا کہنا تھا کہ دو وز سے شہداء کے لواحقین انصاف مانگ رہے ہیں۔
سانحہ مچھ کیخلاف کوئٹہ میں ہزارہ برادری کا میتوں کے ہمراہ مرکزی دھرنا بھی جاری ہے۔