دنیا
Time 05 جنوری ، 2021

سعودی عرب اور اتحادی ممالک نے قطر سے تعلقات بحال کردیے

سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، بحرین اور مصر کے قطر کے ساتھ تعلقات 3 سال بعد دوبارہ بحال ہوگئے ہیں— فوٹو: سعودی میڈیا 

سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، بحرین اور مصر نے قطر کے ساتھ سفارتی تعلقات بحال کردیے۔

سعودی عرب اور قطر کے درمیان تعلقات معمول پر آنے لگے ہیں اور فضائی حدود کھولے جانے کے بعد امیر قطر شیخ تمیم بن حمدالثانی سعودی عرب پہنچے۔ 

سعودی ولی عہد نے امیر قطر کا استقبال کیا — فوٹو: قطری سرکاری میڈیا

امیر قطر  سعودی عرب کے شہر العلا میں خلیج تعاون کونسل کے 41 ویں سربراہی اجلاس   میں شرکت کیلئے العلا پہنچے تو سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔

سربراہ اجلاس میں خطے میں استحکام اور مل کر کام کرنے کے حوالے سے معاہدے پر دستخط کیے گئے جس کے بعد پریس کانفرنس میں سعودی وزیر خارجہ نے تعاون تنظیم کے دیگر ممالک کے قطر کے ساتھ تعلقات کی بحالی کا اعلان کیا۔

سعودی ولی عہد اور امیر قطر ایک ہی گاڑی میں— فوٹو: قطری سرکاری میڈیا

سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان آل سعود کا پریس کانفرنس میں کہنا تھا کہ سعودی عرب اور دیگر اتحادیوں کے قطر کے ساتھ تعلقات مکمل طور پر بحال ہوگئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ قطر سے تعلقات کی بحالی میں کویت نے اہم کردار ادا کیا۔

اس اعلان کے بعد سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، بحرین اور مصر کے قطر کے ساتھ تعلقات 3 سال بعد دوبارہ بحال ہوگئے ہیں۔

— فوٹو: قطری سرکاری میڈیا

دوسری جانب سعودی ولی عہد محمد بن سلمان اور امیر قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی کے درمیان ملاقات ہوئی جس میں دونوں رہنماؤں نے باہمی تعلقات اور تعاون پر بات کی۔

یاد رہے کہ جون 2017 میں سعودی عرب، مصر، بحرین اور متحدہ عرب امارات نے قطر پر دہشت گردوں کی حمایت کرنے کا الزام لگاتے ہوئے زمینی، سمندری اور فضائی پابندی لگاتے ہوئے تعلقات منقطع کرلیے تھے۔

دوسری جانب قطر نے ان الزامات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے اس کی سختی سے تردید کی تھی۔

مزید خبریں :