Time 06 جنوری ، 2021
پاکستان

کوئٹہ: علی زیدی اور زلفی بخاری بھی ناکام، سانحہ مچھ پر دھرنا چوتھے روز بھی جاری

وفاقی وزیر علی زیدی اور زلفی بخاری بھی دھرنے کے شرکا سے مذاکرات کے بعد ناکام لوٹ گئے اور شرکا نے وزیراعظم کی آمد تک دھرنا جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔

سانحہ مچھ کے خلاف مظاہرین کا کوئٹہ مغربی بائی پاس پردھرنا چوتھے روز بھی جاری ہے۔ 

وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر پہنچنے والی حکومتی ٹیم کےبھی مظاہرین سے مذاکرات ناکام ہوگئے اور دھرنے کے شرکا نے وزیراعظم عمران خان کی کوئٹہ آمد تک دھرنا ختم کرنے سے انکار کردیا۔

وزیراعظم کی ہدایت پر وفاقی وزیرعلی زیدی ،معاون خصوصی زلفی بخاری اور ڈپٹی اسپیکرقومی اسمبلی قاسم سوری نےکوئٹہ میں ہزارہ برادری سےملاقات کی۔

 اس موقع پر وفاقی وزیرعلی زیدی کا کہنا تھاکہ پاکستان کو نقصان پہنچانے میں بیرونی ہاتھ بھی ملوث ہے۔

انہوں نے دھرنے کے شرکا سے میتوں کی تدفین کی درخواست کی اور وزیراعظم کی کوئٹہ آمد کی یقین دہانی بھی کرائی۔

معاون خصوصی زلفی بخاری کا کہنا تھا کہ یقین دہانی کراتےہیں کہ خان صاحب کویہاں لائیں گے۔

تاہم دھرنے کے شرکا نے وزیراعظم عمران خان کی کوئٹہ آمد تک دھرنا ختم کرنے سے انکار کردیا۔

رہنما ایم ڈبلیو ایم آغارضا کا کہنا تھا کہ ایک طرف پی ڈی ایم استعفی مانگ رہی ہے لیکن ہم عمران خان کواپنا سربراہ مان کربلا رہے ہیں، ہمارے پاس آکر ان کی عزت میں مزید اضافہ ہوگا۔

مزید خبریں :