پاکستان
Time 13 جنوری ، 2021

وزیراعظم کی اسامہ ستّی کے والد سے ملاقات، انصاف کی فراہمی کی یقین دہانی

وزیراعظم عمران خان نے اسلام آباد میں پولیس کی فائرنگ سے جاں بحق نوجوان اسامہ ستّی کے والد سے ملاقات کی اور اسامہ ستّی کے لیے فاتحہ خوانی کی۔

وزیراعظم ہاؤس آفس کے مطابق ملاقات میں وزیراعظم نے مرحوم اسامہ ستی کی روح کے ایصال ثواب اور پسماندگان کےلیے صبر جمیل کی دعاکی۔

 وزیراعظم نے المناک واقعے پر دلی افسوس کااظہار کیا اور مرحوم کے والدکو مکمل انصاف کی فراہمی کی یقین دہانی کرائی۔

دوسری جانب وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے اسامہ ستی کے والد کو فون کیا اور کہا کہ  انکوائری رپورٹ سے مطمئن ہیں تو اس کو آگے بجھوایا جائےگا ۔

 شیخ رشید کا کہنا تھا کہ وزیراعظم اورکابینہ کا فیصلہ ہے کہ اسامہ کے والد جس طرح تحقیقات کروانا چاہیں حکومت پوری مدد کرے گی۔

اُدھر اسلام آباد میں انسداد دہشت گردی عدالت نے اسامہ ستی قتل کیس کے پانچوں ملزمان کا مزید 5 روزہ جسمانی ریمانڈ منظورکرلیا۔

پس منظر

خیال رہے کہ گذشتہ دنوں اسلام آباد میں اینٹی ٹیررازم اسکواڈ (اے ٹی ایس) کے اہلکاروں کی فائرنگ سے کار سوار نوجوان اسامہ ندیم جاں بحق ہوگیا تھا۔

ابتدائی طور پر پولیس نے واقعےکو ڈکیتی کا رنگ دیا تھا،بعد ازاں پانچ پولیس اہلکاروں کو حراست میں لے کر ان کے خلاف انسداد دہشت گردی اور قتل کی دفعات کے تحت ایف آئی آر درج کر لی گئی ہے۔

نوجوان طالب علم کی ہلاکت کے واقعے کی فوری جوڈیشل انکوائری کا فیصلہ کیا گیا۔ 

مزید خبریں :