18 جنوری ، 2021
یہ بات تو ہم سب ہی جانتے ہیں کہ اسمارٹ واچز میں لگے متعدد سینسرز انسان کا بلڈ پریشر، درجہ حرارت، دل کی دھڑکن اور آکسیجن کی مقدار بتانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
عالمی وبا کورونا وائرس کی تشخیص سے متعلق بھی متعدد ایپس سامنے آ چکی ہیں جو متاثرہ شخص کی کھانسی، سانس اور دل کی دھڑکن کی مدد سے کورونا کی تشخیص کرنے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔
اب لوگوں کی جانب سے یہ سوالات کیے جانے لگے ہیں کہ جدید ٹیکنالوجی سے لیس یہ اسمارٹ واچز کیا کورونا کی تشخیص کر سکتی ہیں؟
اس حوالے سے اب حال ہی میں امریکا کے ماؤنٹ سنائی ہیلتھ سسٹم اور اسٹینڈ فورڈ یونیورسٹی کی جانب سے ایک مطالعہ کیا گیا ہے۔
اس مطالعے میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ ایپل، سام سنگ، شیاؤمی، فٹ بٹ اور دیگر برانڈز کی اسمارٹ واچز متاثرہ شخص میں کورونا وائرس کی ابتدائی اسٹیج کی تشخیص کر سکتی ہیں۔
ماؤنٹ سنائی ہیلتھ سسٹم اور اسٹینڈ فورڈ یونیورسٹی کی جانب سے کیے جانے والے مطالعے میں 300 ہیلتھ ورکرز کو 153 دنوں کے لیے ایپل کی اسمارٹ واچ پہنائی گئیں جس سے یہ بات سامنے آئی کہ انسان کی دل کی دھڑکنوں سے کورونا وائرس کی تشخیص کی جا سکتی ہے۔
چونکہ انسان کی دل کی دھڑکن اس بات کو ظاہر کرتی ہے کہ اس کا قوت مدافعت کا نظام ٹھیک طریقے سے کام کر رہا ہے یا نہیں؟
مطالعے میں بتایا گیا کہ وہ ہیلتھ ورکرز جن میں کورونا وئرس تھا ان کی دل کی دھڑکن عام انسان کی دھڑکنوں سے کم تھیں۔
مطالعے سے یہ بات ثابت ہوتی ہے کہ اسمارٹ واچز انسان میں کورونا کی علامات ظاہر ہونے سے قبل ہی 66 فیصد کورونا کی تشخیص کامیابی سے کر سکتی ہیں۔