23 جنوری ، 2021
گزشتہ چند ماہ میں متعدد بالی وڈ اداکاراؤں اور اداکاروں نے پراپرٹیز خریدی ہیں، اداکار ہریتھک روشن اور جھانوی کپور نے جوہو میں گھر خریدا تو وہیں عالیہ بھٹ نے بھی ممبئی کے پوش علاقے باندرا میں پراپرٹی خریدی۔
اب حال ہی میں بھارت کے معروف اداکار شتروگن سنہا کی بیٹی سوناکشی سنہا نے بھی بالآخر اپنی محنت کی کمائی سے گھر خرید لیا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق بالی وڈ اداکارہ سوناکشی سنہا نے حال ہی میں ممبئی کے پوش علاقے باندرا میں پُر تعیش اپارٹمنٹ خریدا ہے۔
رپورٹ کے مطابق اداکارہ نے اس گھر کو خریدنے کے حوالے سے بتایا کہ 'جب سے میں کام کرنا شروع کیا تو میرا یہی خواب تھا کہ میں 30 سال کی عمر تک اپنی محنت سے کمائے گئے پیسوں سے اپنا کا گھر بناؤں'۔
انہوں نے کہا کہ اب میں 30 سال سے زائد کی ہو چکی ہوں لیکن بلاۡخر میں نے اپنی کمائی سے گھر خرید لیا ہے۔
سوناکشی سنہا کا کہنا ہے کہ میں اپنے گھر والوں کے ساتھ رہنے میں زیادہ خوش رہتی ہوتی اور میرا فی الحال اپنے ذاتی گھر میں منتقل ہونے کا کوئی ارادہ نہیں ہے، یہ گھر میرا خواب تھا اور یہ ایک اچھی سرمایہ کاری ہے۔
خیال رہے کہ اداکارہ سوناکشی سنہا فی الحال اپنے والد شتروگن سنہا اور والدہ پونم سنہا کے ساتھ جوہو میں ایک پُرتعیش بنگلے میں رہتی ہیں۔