جیکولین کی ہم شکل امریکی وی لاگر بھارتی کسانوں کیلئے آواز اٹھانے پر ڈٹ گئیں

کسانوں کےلیے آواز اٹھانے پر بالی وڈ ان پر پابندی لگانا چاہتا ہے تو پھر آپ کبھی بھی مجھے بالی وڈ میں نہیں دیکھیں گے، امینڈا سیرنی،فوٹو: فائل

بالی وڈ اداکارہ جیکولین فرنینڈس کی دوست اور ہم شکل امریکی وی لاگر امینڈا سیرنی کسانوں کے حقوق کے لیے آواز اٹھانے پر ڈٹ گئیں۔

معروف وی لوگر نے امریکی گلوکارہ ریحانہ کی جانب سے کسانوں کے حق میں ٹوئٹ کرنے پر انہیں تنقید کا نشانہ بنائے جانے پر حیرت کا اظہار کیا ہے۔

امینڈا سیرنی کی جانب سے بھی ٹوئٹر پر  بھارت میں احتجاج کرنے والے کسانوں کے حق میں آواز اٹھانے پر سخت تنقید کی گئی  اور ان پر  الزام لگایا گیا کہ انہیں غلط افواہ پھیلانے کے لیے رقم مل رہی ہے اور وہ اس کے لیے تمام اخلاقی حدود پار کررہی ہیں۔

ایک صارف کا کہنا تھا کہ چاہے آپ کتنی ہی کوشش کرتی رہیں پر بالی وڈ میں آپ کی انٹری اب بند ہوچکی ہے۔

 اس پر امینڈا نے جواب دیا کہ انہیں بالی وڈ فلمیں پسند ہیں لیکن اگرکسانوں کے بنیادی حقوق کے لیے آواز اٹھانے پر بالی وڈ ان پر پابندی لگانا چاہتا ہے تو پھر آپ کبھی بھی مجھے بالی وڈ میں نہیں دیکھیں گے۔

اضح رہےکہ بھارت میں زرعی اصلاحات کے معاملے پرکسانوں کا احتجاج 5 ماہ سے جاری ہے اور ہزاروں کسانوں نے بھارتی دارالحکومت نئی دہلی کے مختلف علاقوں میں دھرنے دے رکھے ہیں جب کہ 26 جنوری کے روز کسانوں اور پولیس کے درمیان شدید تصادم بھی ہوا تھا، کسانوں کا دعویٰ ہے کہ 26 جنوری سے اب تک 100 سے زیادہ مظاہرین لاپتہ ہیں۔

کسانوں کے احتجاج نے اب بین الاقوامی توجہ حاصل کرلی ہے اور ان کے حق میں امریکی گلوکارہ ریحانہ اور اداکارہ میا خلیفہ سمیت دیگر نامور شخصیات بھی آواز اٹھارہی ہیں جس کے باعث مودی حکومت کی بدنامی میں اضافہ ہورہا ہے۔

مزید خبریں :