08 فروری ، 2021
چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس گلزار احمد نے اسلام آباد ہائی کورٹ واقعے میں ملوث افرادکے خلاف قانونی کارروائی کی ہدایت کردی۔
ذرائع کے مطابق چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ جسٹس اطہر من اللہ نے سپریم کورٹ میں چیف جسٹس پاکستان سے ملاقات کی اور انہیں تمام صورت حال سے آگاہ کیا۔
ذرائع کاکہنا ہےکہ چیف جسٹس پاکستان نے واقعے میں ملوث افرادکےخلاف قانونی کارروائی کی ہدایت کی ہے۔
خیال رہےکہ اسلام آباد کچہری میں چیمبرز گرائے جانےکے خلاف احتجاج کرنے والے وکلا نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں بھی توڑ پھوڑ کی اور چیف جسٹس کے چیمبرکے باہر شدید نعرے بازی کی۔
وکلا نعرے لگاتے ہوئے چیف جسٹس کے بلاک میں داخل ہوگئے جب کہ وکلا نے چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ کے بلاک میں کھڑکیوں کے شیشے توڑ دیے اور ان کے چیمبرکے باہر بھی نعرے لگائے۔
بعدازاں چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ جسٹس اطہر من اللہ کے حکم سے دارالحکومت کی تمام عدالتیں تا حکم ثانی بند کردی گئیں۔
رجسٹرار اسلام آباد ہائی کورٹ کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ اورڈسٹرکٹ کورٹس سمیت اسلام آباد کی عدالتیں تاحکم ثانی بند رہیں گی۔