09 فروری ، 2021
پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے حیدرآباد میں پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے جلسے میں وزیر اعظم عمران خان کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔
بلاول بھٹو زرداری کا خطاب میں کہنا تھاکہ سلیکٹڈ وزیراعظم کہتا ہے سندھ ہمارا صوبہ نہیں ہے، اگرسندھ وزیراعظم کا صوبہ نہیں توکس کا ہے؟ کوئی بھی وزیراعظم سندھ دھرتی کے لیے یہ الفاظ کیسے استعمال کرسکتا ہے؟
انہوں نے کہا کہ عمران خان کونہ سندھ چاہیے نہ سندھ کی عوام، عمران خان کوصرف سندھ کے جزیرے، گیس اور کوئلہ چاہیے لیکن ہم اپنے حقوق کی حفاظت کریں گے، ہم اپنی جمہوریت کی حفاظت کریں گے اوراسلام آباد پہنچ کراپنا حق چھینیں گے۔
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھاکہ سندھ کو اس سال این ایف سی سے 200 ارب روپے کم دیےجارہے ہیں، نالائق حکومت مہنگائی کاسونامی لائی ہے، عمران خان نے نیا پاکستان بنانے کا وعدہ کیا تھا، نیا پاکستان مہنگا پاکستان ہے۔
بلاول نے کہا کہ غریب دشمن حکومت نے عوام کا جینا حرام کردیا ہے، عمران خان کہتے تھے آئی ایم ایف جانے سے پہلے وہ خودکشی کرلیں گے، عمران خان نے تین سال میں تاریخ کا سب سے بڑا قرضہ لے لیا، عمران خان امیروں کوریلیف اورغریبوں کوتکلیف دے رہے ہیں۔
پی پی چیئرمین کا کہنا تھاکہ عمران خان کی حکومت تجاوزات کے نام پرلاڑکانہ اور حیدرآباد سمیت دیگرعلاقوں میں لوگوں کے سروں سے چھت چھین رہی ہے، آج بنگلادیش اورافغانستان بھی ہم سے آگے ہیں، ہم نالائق اورنااہل کونکالیں گے، ہم خطے میں کسی چیزمیں آگے ہیں تووہ مہنگائی ہے، عوام عمران خان کی نالائقی اورکرپشن کا بوجھ اٹھارہی ہے۔
خیال رہے کہ اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) نے حکومت کے خلاف 26 مارچ سے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی طرف لانگ مارچ کا اعلان کررکھا ہے۔