Time 09 فروری ، 2021
پاکستان

جب تک ان نااہلوں کو نہیں نکالیں گے چین سے نہیں بیٹھیں گے، فضل الرحمان

اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) اور جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ جب تک ان نااہلوں کو نہیں نکالیں گے، اس وقت تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔

حیدر آباد میں پی ڈی ایم کے جلسہ عام سے خطاب میں مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھاکہ یہ حکمران ناجائز ہیں اورچور دروازے سے اقتدار میں آئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جب تک ان نااہلوں کو نہیں نکالیں گے، اس وقت تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔

فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ ہم پرائمری اسکول کے بچے نہیں ، آپ ہمیں الف ب ج نہ پڑھائیں، ہم نے کوئی کچی گولیاں نہیں کھیلیں، اگر سیاست سیکھنی ہے تو ہماری شاگردی اختیار کرنی پڑے گی۔

سربراہ اتحاد کا کہنا تھاکہ سینیٹ کے الیکشن میں دھاندلی کا منصوبہ بنایا جا رہا ہے، یہ نہیں ہونے دیں گے، عمران حکومت کی بقاء پاکستان کے خاتمے کا ذریعہ بن سکتی ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ آپ ہم سے این آر او مانگ رہے ہو، ہم آپ کو این آر او نہیں دیں گے، تم ہمارا کیا احتساب کرو گے، ابھی تم ہمارے احتساب کے شکنجے میں ہو ۔

خیال رہے کہ اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم)  نے حکومت کے خلاف 26 مارچ سے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی طرف لانگ مارچ کا اعلان کررکھا ہے۔

مزید خبریں :