Time 09 فروری ، 2021
پاکستان

ووٹ بیچنے کا معاملہ: سابق پی ٹی آئی ایم پی اے کا ایک کروڑ روپے لینےکا اعتراف

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سابق رکن خیبر پختون خوا اسمبلی عبید اللہ مایار نے ایک کروڑ روپے لینےکا اعتراف کرلیا۔

عبید اللہ مایار کا کہنا ہے کہ رقم ضرور وصول کی لیکن یہ رقم سینیٹ الیکشن کے لیے نہیں تھی بلکہ حکومت نے رقم تمام ایم پی ایز کو  ترقیاتی کاموں کے لیے دی تھی۔

ان کا کہنا ہےکہ اس وقت کے وزیراعلیٰ پرویز خٹک نے رقم لینے کی ہدایت کی، ایک کروڑ روپے کی یہ رقم اسپیکر ہاؤس میں دی گئی ۔

 سابق رکن خیبر پختون خوا اسمبلی کاکہنا ہےکہ حکومت نے ہی پیسے دیے اور ویڈیو بھی بنائی۔

خیال رہے کہ 2018 کے سینیٹ الیکشن میں ووٹ خریدنےکی مبینہ ویڈیو سامنے آئی ہے جس میں دیکھا جاسکتا ہےکہ ارکان خیبرپختونخوا اسمبلی کے سامنے نوٹوں کے انبار لگے ہیں۔

پیپلزپارٹی کے سابق ایم پی اے محمد علی باچا رقم پی ٹی آئی ارکان کو دیتےنظرآرہے ہیں، ویڈیو میں پی ٹی آئی کے  عبید اللہ مایار اورسردار ادریس بھی موجود ہیں اور رقم وصول کرتےنظر آرہے ہیں۔

مزید خبریں :