Time 12 فروری ، 2021
پاکستان

’سینیٹ الیکشن کیلیے کاغذات نامزدگی آج سے جمع کرائے جاسکیں گے‘

فائل:فوٹو

اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے سینیٹ انتخابات کے لیے شیڈول جاری کر دیا جس کے تحت کاغذات نامزدگی آج سے جمع کرائے جا سکیں گے۔

الیکشن کمیشن کے مطابق سینیٹ الیکشن میں حصہ لینے کے لیے امیدوار کاغذات نامزدگی 12 اور 13 فروری کو ریٹرننگ افسران کے دفاتر میں جمع کروائیں گے، جن امیدواروں کے کاغذات نامزدگی درست ہوں گے ان کے نام 14 فروری کو آویزاں کیے جائیں گے۔

کاغذات نامزدگی کی جانچ  پڑتال 15 تا 16 فروری کو ہو گی جب کہ کاغذات نامزدگی منظور یا مستردکیے جانے کے خلاف ٹربیونل میں اپیل 18 فروری تک دائر کی جائے گی اور  اپیلوں کو نمٹانے کی آخری تاریخ 20 فروری ہو گی۔

امیدواروں کی نظرثانی شدہ فہرست 21 فروری کو آویزاں کی جائے گی اور کاغذات نامزدگی واپس لینے کی تاریخ 22 فروری ہو گی۔

الیکشن کمیشن کے مطابق امیدواروں کی حتمی فہرستیں 23 فروری کو آویزاں کی جائیں گی  جب کہ امیدوار 2 مارچ  دن 12 بجے تک مقابلے سے دستبردار ہو سکیں گے۔

الیکشن کمیشن کا کہنا ہےکہ سینیٹ کی 48 نشستوں کے لیے انتخابات3 مارچ کو ہوں گے جس میں صبح 9 بجے سے شام 5 بجے تک ووٹ ڈالے جائیں گےم ووٹنگ کے لیے قومی اسمبلی اور چاروں صوبائی اسمبلیاں پولنگ اسٹیشن ہوں گی۔

الیکشن کمیشن نے سیاسی جماعتوں کو کہا  ہے کہ امیدواروں کے پارٹی ٹکٹ کوکاغذات نامزدگی کے ساتھ منسلک کیا جائے۔

مزید خبریں :