13 فروری ، 2021
سینیٹ الیکشن کے لیے پیپلز پارٹی کے رہنما یوسف رضا گیلانی کے کاغذات نامزدگی کے تجویز و تائید کنندہ دو سابق وزرائے اعظم ہیں۔
پی ڈی ایم کے مشترکہ امیدوار یوسف رضاگیلانی نے اپنے کاغذات نامزدگی جمع کرا دیے ہیں اور ریٹرننگ آفیسر نےکاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کے لیے یوسف رضا گیلانی 17 فروری کو طلب کر لیا ہے۔
سینیٹ الیکشن کے لیے پی ڈی ایم کے متفقہ امیدوار یوسف رضا گیلانی کے کاغذات نامزدگی کے تجویز و تائید کنندگان میں دو سابق وزرائے اعظم کے نام شامل ہیں۔
سابق وزرائے اعظم راجا پرویز اشرف اور شاہد خاقان عباسی یوسف رضا گیلانی کے کاغذات نامزدگی کے تجویز و تائید کنندہ ہیں۔
سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کا کاغذات نامزدگی جمع کروانے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ کبھی ہارس ٹریڈنگ پر یقین نہیں کیا، میں متفقہ وزیراعظم نامزد ہوا تھا، اپوزیشن نے بھی مجھے ووٹ دیا تھا۔
ان کا کہنا تھا پی ڈی ایم کے تمام فیصلے اتفاق رائے سے ہوتے ہیں، پی ڈی ایم قیادت کا مشکور ہوں کہ مجھے امیدوار چنا، ہمیں موقع ملا تو قومی اسمبلی اور سینیٹ میں بہتر کارکردگی دکھائیں گے۔
رہنما پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے ملک کو آئین دیا ، اتحادیوں کے ساتھ ملکر ہم نے آئین کو بحال بھی کیا، ہم نے متفق ہو کر فیصلے کیے ہیں۔
یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا مجھے رات کہا گیا کہ آپ نے آج درخواست دینی ہے، مجھے تو نہیں معلوم تھا کہ میں امیدوار ہوں۔
ایک سوال کے جواب میں یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا کہ جہانگیر ترین سے الیکشن کے حوالے سے بات نہیں ہوئی ہے۔