17 فروری ، 2021
عالمی وبا کورونا کی وجہ سے جہاں دنیا بھر کے لوگ متاثر ہوئے وہیں انٹرنیٹ کے استعمال بھی اضافہ دیکھنے میں آیا اور پاکستانیوں کی بڑی تعداد نے بھی کورونا لاک ڈاؤن کے دوران اپنا زیادہ تر وقت انٹرنیٹ پر ہی گزارا۔
گوگل کی جانب سے جاری ’ایئر ان سرچ' رپورٹ میں عالمی وبا کے دوران پاکستانیوں کی جانب سے انٹرنیٹ پر سرچ کیے جانے والے موضوعات اور سوالات سے متعلق معلومات فراہم کی گئی ہے۔
گوگل نے پاکستانیوں کے 2020 میں سرچ کیے جانے 5 کلیدی رجحانات کا تذکرہ کرتے ہوئے رپورٹ پیش کی ہے۔
رپورٹ کے مطابق 250 فیصد سے زائد پاکستانی سال بھر کے دوران بچوں کو مصروف رکھنے کے لیے ’بچوں کی گھریلو سرگرمیاں' تلاش کرتے رہے۔
اس کے علاوہ گوگل رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پاکستانیوں کی جانب سے اردو زبان میں ڈب کیے گئے ٹی وی شوز، پالتو جانوروں کو گود لینے کے طریقے اور ذہنی صحت کو بہتر بنانے کے ذرائع بھی انٹرنیٹ پر سرچ کیے گئے۔