23 فروری ، 2021
بالی وڈ اسکینڈل کوئین راکھی ساونت کے مبینہ شوہر رتیش کی اب تک تصاویر سامنے نہیں آئی ہیں اور انہوں نے شوہر سے طلاق لینے کا شوشہ بھی چھوڑ دیا ہے۔
راکھی ساونت نے جولائی 2019 میں برطانیہ میں مقیم بزنس مین سے شادی کا اعلان کیا تھا تاہم اب تک ان کے شوہر کی تصاویر سامنے نہیں آئیں جس کے باعث ان کی شادی کے حوالے سے شکوک کا اظہار بھی کیا جاتا رہا ہے۔
اس حوالے سے مختلف تبصرےکیے جاتے رہے ہیں کہ ڈرامہ کوئین نے صرف میڈیا پبلسٹی کےلیے اپنی شادی کا شوشہ چھوڑا ہےکیونکہ ان کےگھر والوں کے علاوہ کسی نے بھی ان کی شادی کی تصدیق نہیں کی ہے۔
حال ہی میں رئیلیٹی شو بگ باس کے 14 ویں سیزن میں شرکت کے دوران بھی راکھی بارہا اپنے شوہرکا ذکر کرتی رہیں اور ایک بار تو ان سے عوام کے سامنے آنے کی درخواست بھی کی۔
اب بگ باس کےگرینڈ فنالے میں پیسے لےکر شو چھوڑنےکے بعد ایک انٹرویو میں راکھی کا کہنا تھا کہ رتیش سے ان کی شادی غیر قانونی ہے۔
راکھی نے اپنے شوہر سے طلاق لینےکا اشارہ دیتے ہوئےکہا کہ وہ بگ باس میں جانے سے قبل اندر سے ٹوٹ چکی تھیں، میری شادی کے مسائل چل رہے ہیں، میرے شوہر شادی والے روز ہی مجھے چھوڑ گئے، وہ نہیں چاہتے تھےکہ میڈیا کے سامنے آئیں، اس دوران میری والدہ کی کیمو تھراپی بھی چلتی رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ان سب مسائل نے مجھے توڑ کر رکھ دیا ہے، رتیش کے ساتھ میں اپنا کوئی مستقبل نہیں دیکھ رہی، وہ شادی شدہ ہے اور اس کے بچے بھی ہیں، ہمارے درمیان کوئی بھی چیز مشترکہ نہیں اور میں کسی کا گھر خراب نہیں کرنا چاہتی۔