ریتھک روشن نےکنگنا کیخلاف کرائم برانچ میں بیان ریکارڈ کروادیا

ریتھک اور کنگنا رناوت نے 2010 میں فلم کائٹس اور 2013 میں فلم کرش 3 میں ساتھ کام کیا تھا،فوٹو: فائل

بالی وڈ کے سپر ہیرو ریتھک روشن نے اداکارہ کنگنا رناوت کے خلاف ممبئی کرائم برانچ میں اپنا بیان ریکارڈ کروادیا۔

ریتھک روشن کو 2016 میں ان کی جانب سے اداکارہ کنگا رناوت پر کیےگئے مقدمے سے متعلق بیان ریکارڈ کرانے کے لیے آج صبح 11 بجے طلب کیا گیا تھا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ریتھک روشن تقریباً 3 گھنٹوں سے زائد تک  ممبئی کرائم برانچ کے دفتر میں موجود رہے اوراپنا بیان ریکارڈ کروا کر واپس چلےگئے۔

خیال رہےکہ 2016 میں ریتھک نے شکایت کی تھی کہ کوئی شخص ان کا نام استعمال کرکے جعلی ای میل آئی ڈی سے کنگا رناوت کو ای میلز کررہا ہے جب کہ اس وقت کنگا رناوت نے یہ دعویٰ کیا تھا کہ یہ ای میل ایڈریس خود انہیں ریتھک روشن نے دیا اور وہ دونوں اس کے ذریعے 2014 تک ایک دوسرے سے رابطے میں رہے۔

یہ ای میلز مبینہ طور پر 2013 اور 2014 کے دوران کی گئیں۔ اس کے بعد 2016 ہی میں ریتھک نے اس وقت کنگا رناوت کو قانونی نوٹس بھیجا جب کنگا نے ریتھک کو اپنا سابق بوائے فرینڈ بھی بتایا۔

ریتھک نے ان الزامات کی تردید کی ہے اور کہا ہے کہ وہ کبھی بھی کنگنا رناوت کے ساتھ کسی قسم کے تعلق میں نہیں رہے۔

خیال رہے کہ ریتھک اور کنگنا رناوت نے 2010 میں فلم کائٹس اور 2013 میں فلم کرش 3 میں ساتھ کام کیا تھا۔

مزید خبریں :