Time 02 مارچ ، 2021
پاکستان

سینیٹ انتخابات کا سب سے دلچسپ اور بڑا معرکہ گیلانی اور حفیظ شیخ کے درمیان

سینیٹ انتخابات کا سب سے دلچسپ اور بڑا معرکہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی جنرل نشست پر ہوگا جہاں سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی اور وزیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ ایک دوسرے کے مدمقابل ہیں۔

حکومتی اتحاد کے پاس 181 جب کہ اپوزیشن نشستوں پر موجود جماعتوں کے پاس 160 نشستیں ہیں۔

سینیٹ الیکشن میں اسلام آباد کی ایک جنرل اورایک خاتون کی نشست پرمقابلہ ہوگا جب کہ ایوان زیریں یعنی قومی اسمبلی پولنگ اسٹیشن بن جائے گی۔

جنرل نشست پر پیپلزپارٹی کے سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی اور وزیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ کےدرمیان جوڑ پڑےگا، یوسف رضا گیلانی اپوزیشن اتحاد پی ڈی ایم کے متفقہ امیدوار ہیں، خواتین کی نشست پر پی ٹی آئی کی فوزیہ ارشد اور مسلم لیگ (ن) کی فرزانہ کوثر آمنے سامنے ہیں۔

سینیٹ الیکشن میں قومی اسمبلی کے پولنگ اسٹیشن سے زیادہ ووٹ حاصل کر نے والے امیدوار کامیاب قرار پائیں گے، قومی اسمبلی میں ارکان کی تعداد 341 ہے، این اے 75 پر ضمنی الیکشن دوبارہ ہونا ہے اس لیے یہ نشست ابھی خالی ہے۔

قومی اسمبلی میں پارٹی پوزیشن کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے پاس 157 سیٹیں ہیں، حکومتی اتحاد میں شامل مسلم لیگ ق کے پاس 5 نشستیں، ایم کیو ایم کے پاس 7، جی ڈی اے کے پاس 3، عوامی مسلم لیگ کے پاس ایک، بلوچستان عوامی پارٹی کے پاس 5 اور  جمہوری وطن پارٹی کے پاس بھی ایک نشست ہے۔

2 آزاد امیدوار اسلم بھوتانی اور علی نواز شاہ حکومتی اتحاد میں شامل ہیں، یوں حکومتی اتحاد کی تعداد 181 ہے۔

دوسری جانب اپوزیشن بینچز پر موجود مسلم لیگ ن کے پاس 83، پاکستان پیپلز پارٹی کے پاس 55 ،ایم ایم اے کے پاس 15 اور  اے این پی کے پاس ایک نشست ہے۔

بی این پی کے 4 اور 2 آزاد امیدوار علی وزیر ، محسن داوڑ بھی اپوزیشن نشستوں پر موجود ہیں، اس طرح اپوزیشن بینچز پر موجود ارکان کی تعداد 160 ہے۔

مزید خبریں :