19 مارچ ، 2021
سوشل میڈیا سائٹ فیس بک کا کہنا ہے کہ کمپنی نے سائٹ سے تناؤ کو ختم کرنے کے لیے سیاسی و سماجی گروپوں سے متعلق ایک اہم اقدام اٹھایا ہے۔
فیس بک کے بلاگ پوسٹ میں اعلان کیا گیا ہے کہ کمپنی اپنے پلیٹ فارم پرقواعد وضوابط کی خلاف ورزی کرنے والے سیاسی و سماجی گروپوں کو مہم اور ان کو جوائن کرنے کی پروموشن کو ختم کررہی ہے اور اس اقدام کا مقصد فیس بک کے قواعد وضوابط توڑنے والے گروپوں کی رسائی کو محدود کرنا ہے جب کہ ساتھ ہی ایسےگروپس تک الگورتھم سفارشات کے ذریعے عوام کی رسائی بھی محدود کرنا ہے جوماضی میں فیس بک کے قواعد وضوابط کی خلاف ورزی کرچکے ہیں۔
خیال رہے کہ محققین اور سول رائٹس آرگنائزیشن کی جانب سے فیس بک کو تنبیہ کی جاچکی تھی کہ عوامی دلچسپی میں اضافے سے متعلق بنائے گئے گروپس بھی ماضی میں غلط معلومات پھیلانے کے لیے استعمال ہوتے رہے ہیں۔
اپنے ایک انٹرویو میں فیس بک انجینئرنگ کے نائب صدر ٹام ایلیسن کا کہنا تھا کہ فیس بک تیزی سے گروپوں میں سرمایہ کاری کررہا ہے اور صارفین چاہتے ہیں کہ ہم فیس بک پر موجود سیاسی مواد میں کمی لائیں۔
انہوں نے کہا کہ اب صارفین کو کسی بھی عنوان پر بنائے جانے والے گروپ کو سفارشات کے حصول کے لیے 21 دن انتظار کرنا پڑے گا تاکہ کمپنی یہ جان سکے کہ گروپ کو آپریٹ کیسے کیا جارہا ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل فیس بک کے سی ای او مارک زکر برگ بھی جنوری میں ایک تقریب سے خطاب کے دوران عالمی سطح پر سیاسی اور سماجی گروپوں کو دی جانے والی سفارشات کو کم کیے جانے کا مقصد بیان کرچکے ہیں جب کہ ان کا کہنا تھا کہ صارفین فیس بک پر سیاسی مواد کم دیکھنے کی خواہش رکھتے ہیں۔