19 مارچ ، 2021
سندھ حکومت نے کتے کے کاٹنے اور علاج کی مناسب سہولیات فراہم نہ کرنے کے خلاف سکھر ہائیکورٹ سرکٹ بینچ میں زیر سماعت درخواستیں کراچی منتقل کرنے کی درخواست جمع کرادی۔
درخواست میں سندھ حکومت کی جانب سے جسٹس آفتاب احمد گورڑ پر عدم اعتماد کا اظہار کیا گیا ہے۔
ایڈووکیٹ جنرل سندھ سلمان طالب الدین کی جانب سے درخواست جمع کرائی گئی ہے جس میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ جسٹس آفتاب احمد گورڑ نے غیر قانونی اور اختیارات سے تجاوز کرتے ہوئے آرڈر پاس کیا ہے، جسٹس آفتاب احمد گورڑ سندھ حکومت کے انتظامی امور میں مداخلت کررہے ہیں۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ سندھ حکومت، تمام ڈیپارٹمنٹس اور سرکاری افسران آئندہ جسٹس آفتاب احمد گورڑ کے سامنے پیش نہیں ہوں گے لہٰذا کتے کے کاٹنے سے متعلق درخواستیں سکھر بینچ سے کراچی منتقل کرنے کا حکم دیا جائے۔
درخواست میں یہ بھی استدعا کی گئی ہے کہ جسٹس آفتاب احمد گورڑ جس بینچ کا حصہ ہوں وہاں سندھ حکومت کا کوئی کیس نہ لگایا جائے۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز سندھ ہائیکورٹ سکھر بینچ نے کتوں کے کاٹنے کے بڑھتے واقعات پر فریال تالپور سمیت 2 ایم پی ایز کی رکنیت معطل کرنے کا حکم دیا تھا۔