Time 20 مارچ ، 2021
پاکستان

احتیاط نہ کی تو صورتحال ہاتھ سے نکل سکتی ہے: ڈاکٹر فیصل

وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان کا کہنا ہے کہ کورونا کے کیسز خطرناک حد تک بڑھ رہے ہیں، اگر  احتیاط نہ کی گئی تو صورتحال ہاتھ سے نکل سکتی ہے۔

اسلام آباد میں میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے ڈاکٹر فیصل سلطان کا کہنا تھا کہ پنجاب میں کورونا تیزی سے پھیل رہا ہے، پچھلے چند دنوں سے کورونا کیسز میں اضافہ ہو  رہا ہے اور کورونا کیسز کا دباؤ اسلام آباد، پنجاب اور  پشاور میں زیادہ دکھائی دے رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کورونا کیسز  بڑھنے سے اسپتالوں اور ہیلتھ سسٹم پر دباؤ بڑھ رہا ہے، اور کورونا کو روکنے میں انتظامی ایکشن کمزور دکھائی دے رہا ہے، انتظامیہ سے اپیل ہے کہ کورونا ایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد کروائیں۔

ڈاکٹر فیصل کا کہنا تھا کہ کورونا کیسز کی شرح 4.5 فیصد سے بڑھ کر 9.5 فیصد پر آگئی ہے، ہجوم والی جگہ پر نا جائیں اور شادیاں کھلی جگہوں پر رکھیں۔

انہوں نے قوم سے اپیل کی کہ خدارا کورونا ایس او پیز پر عمل کریں، اگر ہم نے احتیاط نہ کی تو صورتحال ہاتھ سے نکل سکتی ہے۔

معاون خصوصی کا کہنا تھا یہ وقت ہے کہ تقریبات کو سادہ رکھا جائے، کم سے کم افراد شریک ہوں، حالات بہتر ہو جائیں گے تو ہم بھرپور طریقے سے اپنی تقریبات کا اہتمام کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ کورونا ویکسی نیشن کا عمل جاری ہے، 70 سال کی عمر کے افراد قریبی سینٹر سے ویکسین لگواسکتے ہیں، خریدی گئی ویکسین کی اضافی کھیپ اس ماہ کے آخر تک موصول ہو جائے گی۔

مزید خبریں :