Time 22 مارچ ، 2021
دنیا

بھارت: 8 سالہ بچی سے زیادتی، ملزم نے چپ رہنے کیلئے 5 روپے تھمادیے

فائل فوٹو

بھارت میں 8 سالہ بچی کو کچرے کے ڈبے میں زیادتی کا نشانہ بنایا گیا اور ملزم نے بچی کو چپ رہنے کے لیے 5 روپے تھمادیے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ ریاست مدھیا پردیش کے شہر بھوپال میں پیش آیا جہاں ایک ملزم نے بچی کو کچرے کے ڈبے میں زیادتی کا نشانہ بنایا اور بچی کو چپ رہنے کے لیے 5 روپے دیے۔

پولیس کے مطابق بچی نے اپنے بیان میں بتایا کہ ملزم اس کے والد کی عمر کا ہے اور اس نے کئی مرتبہ اسے اپنے گھر کے قریب دیکھا ہے۔

پولیس کا کہنا ہےکہ بچی نے مزید بتایا کہ وہ اپنے گھر کے قریب کھیل رہی تھی کہ ملزم نے اسے 100 روپے دیے اور قریبی دکان سے کوئی چیز لانے کا کہا تھا جس پر بچی جب چیز لے کر اس کے پاس پہنچی تو اس سے وہاں دوسرے شخص کو یہ چیز دینے کو کہا اور جب بچی وہاں پہنچی تو اس نے اسے پیچھے سے دبوچ کر کچرے کے ڈبے میں زیادتی کا نشانہ بنایا۔

پولیس کا بتانا ہےکہ بچی نے واقعے کی اطلاع اپنے اہلخانہ کو دی جس کے بعد اہلخانہ نے پولیس میں شکایت درج کرائی، بچی کی مدد سے زیادتی کے ملزم کی شناخت کرلی گئی ہے اور اس کی گرفتاری کے لیے 8 ٹیمیں بھی تشکیل دی گئی ہیں جب کہ پولیس نے اس کیس کے سلسلے میں 40 ایسے افراد کی تصاویر لی ہیں جو واقعے کے روز اس جگہ موجود رہے تھے۔

پولیس کے مطابق بچی نے ان 40 تصاویر میں سے ایک تصویر سے ملزم کی نشاندہی کی ہے جس پر پولیس نے 30 سالہ شخص کو گرفتار بھی کیا ہے، ملزم شادی شدہ ہے اور گزشتہ سال اس کی بیوی اسے چھوڑ کر چلی گئی تھی۔

پولیس کا کہنا ہےکہ ملزم گجرات فرار ہونے کی کوشش کررہا تھا کہ اسے موقع پر دھر لیا گیا۔

مزید خبریں :