شوگر ملز مالکان کیساتھ ملکر چینی کی قیمت بڑھانے میں ملوث 7 ملزمان گرفتار

وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے کمرشل بینکنگ سرکل نے شوگر سٹہ مافیا کے تین ارکان کی گرفتاری کے بعد مزید 4 افراد کو کراچی سے گرفتار کر لیا ہے جس کے بعد گرفتار افراد کی تعداد 7 ہو گئی ہے۔

شوگر سٹہ مافیا کی جانب سے منی لانڈرنگ کے خلاف ایف آئی اے حکام نے کریک ڈاؤن شروع کر دیا ہے، کارروائی کے دوران تین بروکر دیال داس، سنتوش کمار اور راج کمار گرفتار ہوئے۔

اس کے بعد ایک اور کارروائی کے نتیجے میں مزید 4 افراد کو حراست میں لیا گیا ہے، ملزمان شوگر بروکر ہیں اور مل مالکان سے مل کر چینی کا مصنوعی بحران پیدا کرنے میں ملوث ہیں۔

گرفتار ملزمان شوگر سٹہ مافیا میں ملوث ہیں، ملزمان نے مجرمانہ کارروائیوں کے لیے سوشل میڈیا فورمز اور جعلی بینک اکاؤنٹس کا استعمال کیا۔

ترجمان ایف آئی اے نے کہا کہ ملزمان کی وجہ سے اوپن مارکیٹ میں چینی کی قیمت میں غیرمعمولی اضافہ ہوا۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ ملزمان کے خلاف ایف آئی اے کراچی کی جانب سے دو مقدمات درج ہیں، مقدمات اینٹی منی لانڈرنگ کی دفعات کے تحت درج کیے گئے ہیں، مزید تفتیش کے لیے عدالت سے ملزمان کا ریمانڈ بھی حاصل کر لیا گیا ہے۔

مزید خبریں :