05 اپریل ، 2021
لاہور: مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی رانا تنویر حسین کا کہنا ہے کہ پی ڈی ایم ایک ایجنڈے پر بنی تھی اور پیپلزپارٹی پی ڈی ایم سے علیحدہ نہیں ہو سکتی لیکن پیپلزپارٹی ساتھ نہ بھی چلے تو پی ڈی ایم مضبوط رہے گی۔
مریدکے میں جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئےرانا تنویر نے کہاکہ این اے 75 ڈسکہ میں کوئی مقابلہ نہیں، لوگ پی ٹی آئی کو ووٹ نہیں دینا چاہتے، ان شااللہ ڈسکہ الیکشن میں مسلم لیگ (ن) واضح برتری حاصل کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ این اے 75 پر سپریم کورٹ اور الیکشن کمیشن کا فیصلہ خوش آئند ہے، اسی طرح فیصلے ہوتے رہے تو ادارے مضبوط بھی ہوں گے اور ان کا وقار بھی بلند ہوگا۔
رانا تنویر حسین کا کہنا تھا کہ رمضان المبارک کے بعد پی ڈی ایم تحریک چلائےگی، پی ڈی ایم ایک ایجنڈے پر بنی تھی اور پیپلزپارٹی پی ڈی ایم سے علیحدہ نہیں ہو سکتی، پیپلز پارٹی نےسینیٹ الیکشن میں ایسا عمل کیا جس سے خدشات پیدا ہوئے لیکن پیپلزپارٹی ساتھ نہ بھی چلے تو پی ڈی ایم مضبوط رہے گی۔