پاکستان
Time 07 اپریل ، 2021

عدالتی فیصلے کے باوجود بلدیاتی اداروں کو کام نہیں کرنے دیا جارہا، احسن اقبال

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے جنرل سیکرٹری احسن اقبال نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب سپریم کور ٹ کے فیصلے پر عمل درآمد سے انکاری ہے اور عدالتی فیصلے کے باوجود بلدیاتی اداروں کو کام نہیں کرنے دیا جارہا ہے۔

پارلیمنٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو میں احسن اقبال کاکہنا تھاکہ پنجاب حکومت وزیراعظم کے کہنے پر جو حکم عدولی کررہی ہے، سپریم کورٹ اس کا نوٹس لے۔

ان کا کہنا تھاکہ پنجاب حکومت نے منتخب چیئرمینوں کے خلاف مقدمے بنانے کی کارروائی تیز کردی ہے، عدالت نے لکھا کہ بلدیاتی ادارے اسی حالت میں بحال ہوں گے جس حالت میں پہلے تھے لیکن حکومت پنجاب سپریم کور ٹ کے فیصلے پر عمل درآمد سے انکاری ہے۔

احسن اقبال کا کہنا تھاکہ حکومت پنجاب  اور وزیربلدیات توہین عدالت اور توہین آئین کررہے ہیں، وزیراعظم اور وزیراعلیٰ کی ہدایت پر بلدیاتی اداروں کے دفاتر سیل کیے گئے، بلدیاتی اداروں کے فنڈز جو پی ٹی آئی کے ذریعے استعمال کیے گئے وہ ریکور کرائے جائیں۔ 

جنرل سیکرٹری ن لیگ کا کہنا تھاکہ عدالتی فیصلے کے باوجود بلدیاتی اداروں کو کام نہیں کرنے دیا جارہا ہے ، ان کا خیال ہے کہ منتخب چئیرمین ان کی جھوٹے کیسوں سے دباؤ میں آکر وفاداری تبدیل کردے گا، جو سرکاری ملازم مینڈیٹ سے تجاوز کرے گا اس کو قانونی کارروائی کا سامنا کرنا پڑےگا، وہ سرکاری ملازم پھر نوکری سے الگ ہوکر پی ٹی آئی میں شامل ہوکر سیاست کریں۔

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں سپریم کورٹ نے پنجاب کے بلدیاتی اداروں کو بحال کرنے کا حکم دیا تھا۔

مزید خبریں :