میوزک کمپوزر واجد خان کی اہلیہ جائیداد میں حصے کیلئے عدالت پہنچ گئیں

واجد خان کی اہلیہ کمال رخ نے پٹیشن میں واجد خان کی والدہ اور ان کے بھائی میوزک کمپوزر ساجد خان کو فریق بنایا ہے— فوٹو:فائل 

بالی وڈ کے مرحوم میوزک کمپوزر واجد خان کی اہلیہ کمال رخ نے جائیداد میں حصے اور بچوں کی سیکیورٹی کیلئے ممبئی ہائیکورٹ سے رجوع کرلیا۔

میوزک ڈائریکٹر واجد خان کا گزشتہ سال یکم جون کو انتقال ہوگیا تھا، ان میں کورونا وائرس کی بھی تشخیص ہوئی تھی اور وہ گردوں کے بھی عارضے میں مبتلا تھے۔

بعد ازاں ان کی اہلیہ کمال رخ خان نے انکشاف کیا تھاکہ 2014 میں دونوں کے درمیان علیحدگی ہوگئی تھی۔

انہوں نے بتایا تھا کہ واجد نے 2014 میں اسلام قبول نہ کرنے کی صورت میں طلاق دینے کی دھمکی دی لیکن میں خاموش رہی کیونکہ ان کا کیرئیر داؤ پر لگا ہوا تھا۔

اب واجد خان کی اہلیہ کمال رخ نے جائیداد میں حصے اور بچوں کی سیکیورٹی کیلئے ممبئی ہائیکورٹ سے رجوع کرلیا۔

ان کی پٹیشن میں واجد خان کی والدہ اور ان کے بھائی میوزک کمپوزر ساجد خان کو فریق بنایا گیا ہے جبکہ پٹیشن میں کہا گیا ہے کہ واجد خان نے 2012 میں اپنی جائیداد اور اثاثوں کا بینفشری بچوں کو قرار دیا تھا لہٰذا اس حوالے سے حکم امتناع جاری کیا جائے۔

اس معاملے پر عدالت نے نوٹس جاری کرتے ہوئے 21 اپریل تک ساجد خان اور ان کی والدہ سے جواب طلب کیا ہے۔

خیال رہے کہ واجد خان کی اہلیہ کمال رخ خان پارسی مذہب سے تعلق رکھتی ہیں اور ان کے 2 بچے بھی ہیں جبکہ ان کی شادی 17 سال تک رہی۔