21 اپریل ، 2021
بالی وڈ کے مرحوم اداکار عرفان خان کے بیٹے بابل خان نے سینئر اداکار امیتابھ بچن کے ساتھ کام کرنے کی خواہش کا اظہار کردیا۔
انسٹاگرام پر اداکار بابل خان نے والد عرفان خان اور امیتابھ بچن کی ان دیکھی تصویر شیئر کرتے ہوئے تشکر کا اظہار کیا۔
تصویر میں امیتابھ بچن عرفان خان کو گلے لگائے کھڑے ہیں اور تصویر میں امیتابھ بچن کی ڈریسنگ دیکھ کر اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ یہ تصویر فلم پیکو کے سیٹ پر لی گئی ہے جس میں دیپیکا پڈوکون بھی شامل تھیں۔
بابل خان نے انسٹا پوسٹ میں لکھا کہ میں بہت آرام سے دلبرداشتہ ہوجاتا ہوں اور پھر میں نے غصے کو دور کیا، مجھے احساس ہوا کہ بابا کے مداح رحم دلی اور گرم جوشی سے بھرے پڑے ہیں لہٰذا آئیے نفرت کو نظر انداز کریں۔
بابل خان نے اپنی پوسٹ میں مزید لکھا کہ ایک دن جب میں بے انتہا صبر اور محنت کے ذریعے اس قابل ہوجاؤں گا کہ بابا کے پرستاروں پر فخر کرسکوں، مجھے آپ سے پیار ہے۔
اداکار نے امیتابھ بچن کو ٹیگ کرتے مزید لکھا کہ ایک دن میں آپ کے ساتھ کام کروں گا سر۔
خیال رہے کہ حال ہی میں امیتابھ بچن کی جانب سے بابل خان کے ڈیبیو پراجیکٹ کالا (Qala) کے ٹیزر کی تعریف کی گئی تھی۔