26 اپریل ، 2021
لاہور میں کورونا کے زوروں پر ہونے کے باوجود شہری اس تشویش ناک صورتحال میں بھی ایس او پیز پر عمل کرتے دکھائی نہیں دیتے۔
لاہور کورونا سے شدید متاثرہ شہروں میں سے ایک ہے جہاں روزانہ سیکڑوں شہری موذی مرض میں مبتلا ہو کر اسپتالوں میں پہنچ رہے ہیں۔
سرکاری اور نجی اسپتال اپنی استعداد کے مطابق کم وبیش بھر چکے ہیں جب کہ اموات بھی ہو رہی ہیں لیکن اس کے باوجود لاہور کے شہری ایس او پیز پر عملدرآمد کے حوالےسے سنجیدہ نظر نہیں آتے۔
جیو نیوز کی جانب سے جب لاہور کے تاریخی انارکلی بازار ،اسلام پورہ، کرشن نگر اور گلشن راوی سمیت شہر کے دیگر علاقوں کا سروے کیا گیا تو اس دوران بہت سے لوگ ایسے تھے جو ماسک کے بغیر ہی گھوم پھر رہے تھے، یہی نہیں بعض دکاندار اور ہوٹلوں کے کُک بھی ماسک سے آزاد نظر آئے۔
جیو نیوز کے مطابق بہت کم موٹر سائیکل سوارایسے تھے جنہوں نے ماسک پہن رکھا تھا جب کہ اس دوران قانون نافذ کرنے والے اداروں کوکوئی ایسااہلکار بھی موجود نہیں تھا جو کورونا ایس اوپیز پر عمل کرا رہا ہو۔