Time 04 مئی ، 2021
پاکستان

کابینہ نے الیکٹرانک ووٹنگ اور اوورسیز پاکستانیوں کے ووٹ کیلئے آرڈیننس منظورکرلیا

وفاقی کابینہ نے انتخابی اصلاحات کے 2 آرڈیننس کی منظوری دےدی ہے جس کے تحت الیکشن کمیشن انتخابات میں الیکٹرانک ووٹنگ مشین استعمال کرسکےگا اور  سمندر پار پاکستانیوں کو ووٹ دینے کی سہولت کا بندوبست کرےگا۔

اسلام آباد میں کابینہ اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ میں وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے بتایا کہ وفاقی کابینہ نے 2  آرڈیننس منظور کیے ہیں، آرڈیننس کے تحت الیکشن کمیشن انتخابات میں الیکٹرانک ووٹنگ مشین استعمال کرسکے گا  اورسمندر پار پاکستانیوں کو ووٹ دینے کی سہولت کا بندوبست کرے گا۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ہم چاہتے ہیں کہ  اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق ملے،مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینا نہیں چاہتے، امید ہے کہ بلاول اور شہباز شریف خوش ہوں گے ، کیوں کہ وہ یہ مطالبہ کررہے تھے کہ الیکشن کمیشن کو یہ رول دیا جائے ،تو حکومت نے یہ رول الیکشن کمیشن کو دے دیا۔

 وفاقی وزیر نے کہاکہ یہ لوگ پارلیمان کا کردار نہیں دیکھتے ، سو کر اٹھتے ہیں اور عمران کی مخالف بیان داغ دیتے ہیں ، بلاول اور مریم کی صورت میں نابالغ سیاست ہم پر مسلط ہوگئی ہے لیکن ان کے بھی دو تین سال ہی ہیں ۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ کراچی میں کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد نہ ہونے پر پورے ملک کو نقصان ہو سکتا ہے، اینٹی ویکسین لابی صرف پاکستان میں ہی نہیں بلکہ پوری دنیا میں سرگرم ہے،جو لوگ ویکسین لگوائیں گے وہ کورونا وائرس سے محفوظ رہیں گے،40سال سے زائد عمر لوگوں کی ویکسینیشن شروع کردی گئی ہے،جولائی تک ڈھائی کروڑ لوگوں کو ویکسین لگوانے کا ہدف ہے۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ اپنے داخلی معاملات میں یورپی یونین کی کسی قرارداد کو اہمیت نہیں دیتے،وزیراعظم نے کہا ہے کہ ناموس رسالت ﷺ پر کوئی سمجھوتا ہو ہی نہیں سکتا، یورپی یونین کی قرارداد کا اثر پاکستان کے داخلی معاملات پر نہیں ہوگا۔

مزید خبریں :