Time 18 مئی ، 2021
دنیا

’ہم مسلمان ہیں یہ ظلم اس لیے ہے’، آہ و بکا کرتی فلسطینی بچی کی ویڈیو وائرل

غزہ میں اسرائیلی دہشتگردی کا نشانہ بننے والی 10 سالہ بچی نادین عبدیل کی ویڈیو نے دیکھنے والوں کو غمزدہ کردیا۔

ویڈیو میں نادین عبدیل کو آنکھوں میں آنسو اور زارو قطار روتے دیکھا جاسکتاہے جس میں وہ اسرائیلی ظلم و ستم پر آہ بکا کررہی ہے۔

ویڈیو میں 10 سالہ نادین ملبے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے  دنیاکو بتارہی ہے کہ ’ میں بچپن سے ہی بیمار  ہوں، میں نہیں جانتی کہ مجھے کیا کرنا ہے، میں کچھ نہیں کرسکتی،  اسے ٹھیک کریں، میں صرف 10 سال کی ہوں ، میں ان سے نہیں نمٹ سکتی۔

فوٹوبشکریہ رائٹرز 

بچی کا  کہنا تھا کہ ’میں ڈاکٹر بننا چاہتی ہوں تاکہ میں لوگوں کی مدد کرسکوں لیکن میں یہ نہیں کرسکتی، میں جو کچھ بھی دیکھتی ہوں  اس کے لیے  ہر روز روتی ہوں اور خود سے سوال کرتی ہوں کہ آخر  کیوں  ہم اس برتاؤ کے مستحق ہیں؟ ہمیں اس کے لیے کیا کرنا چاہیے؟ میری فیملی مجھے کہتی ہے کہ چونکہ ہم مسلمان ہیں یہ لوگ صرف ہم سے نفرت کرتے ہیں اور ہمیں پسند نہیں کرتے’۔

فوٹوبشکریہ برطانوی میڈیا

بچی کا کہنا تھا کہ ’یہ لوگ مسلمانوں کےساتھ ایسا کیوں کرتے ہیں؟، ویڈیو میں نادین  نے اپنے اردگرد بچوں کی جانب اشارہ کرتے ہوئے مزید کہا کہ ‘آپ میرے اردگرد جتنے بچے بھی دیکھ رہے ہیں، یہ صرف بچے ہیں ، آپ انہیں میزائل کیوں بھیجتے ہیں اور مار دیتے ہیں یہ ٹھیک نہیں’۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق اس ویڈیو کو مڈل ایسٹ آئی کی جانب سے 15 مئی کو شوٹ کیا گیا تھا جو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے۔

خیال رہے کہ اسرائیل کی جانب سے گزشتہ کئی روز سے غزہ پر بمباری کی جارہی ہے جس کے نتیجے میں بچوں اور خواتین سمیت 200 سے زائد فلسطینی شہید ہوچکے ہیں۔

اس کے علاوہ سیکڑوں گھر و عمارتیں بھی تباہ کردی گئی ہیں اور اب تک 10 ہزار سے زائد افراد بے گھر ہوچکے ہیں۔

مزید خبریں :