’انڈین آئیڈل‘ کا بھانڈہ پھوٹنے کے بعد شو کے کامیاب گلوکار نے بھی بڑے انکشافات کردیے

شو کے منتظمین کو صلاحیتیوں پر نہیں بلکہ غربت اور جوتے پالش کرنے والی کہانیوں میں دلچسپی ہے، ابھیجیت ساونت— فوٹو:فائل

بھارتی میوزک رئیلٹی شو ’انڈین آئیڈل‘ کی حقیقت کا بھانڈہ پھوٹنے کے بعد اب شو کے پہلے سیزن کے کامیاب گلوکار ابھیجیت ساونت نے بھی بڑے انکشافات کیے ہیں۔

اپنے ایک انٹرویو میں ابھیجیت ساونت کا کہنا تھاکہ ان دنوں شو کے منتظمین کو صلاحیتیوں پر نہیں بلکہ غربت اور جوتے پالش کرنے والی کہانیوں میں دلچسپی ہے۔

انہوں نے کہا کہ علاقائی سطح پر ہونے والے رئیلٹی شوز انڈین آئیڈل سے بہتر ہیں جہاں دیکھنے والوں کو گلوکاروں کے بیک گراؤنڈ کا نہیں پتا ہوتا بس ان کی توجہ اور دلچسپی گلوکاری پر ہوتی ہے۔

ابھیجیت کا کہنا تھا کہ علاقائی شوز کے برعکس ہندی شوز میں صرف امیدواروں کی دکھ بھری کہانیوں اور حالات کو دکھا کر ریٹنگ لی جاتی ہے اور اس صورتحال کیلئے انتظامیہ ہی نہیں شو دیکھنے والے ناظرین بھی ذمہ دار ہیں۔

انہوں نے ایک واقعے کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ جب میں شو میں شریک تھا تو گانا بھول گیا تھا جس پر ججز نے مجھے دوبارہ گانے کا موقع دیا لیکن ابھی ایسا ہوتا تو اس منظر کو بڑے ڈرامائی انداز میں دکھایا جاتا اور اس کی وجہ بھی ناظرین ہی ہیں کیونکہ وہ ہمیشہ مصالحے کی تلاش میں رہتے ہیں۔

گزشتہ دنوں بھارت کے مشہور میوزک شو ’انیڈین آئیڈل‘ کا بھانڈا پھوٹ گیا تھا اور معروف گلوکار کشور کمار کے بیٹے امیت کمار نے شو کا بھانڈا پھوڑتے ہوئے بتایا تھا کہ میں نے وہی کیا جو شو کے منتظمین نے مجھ سے کہا تھا، مجھے کہا گیا کہ شو شریک سب گانے والوں کی تعریف کرنی ہے۔

مزید خبریں :