’آج کچھ لوگوں کو کھودیا‘، سونو سود کیوں دلبرداشتہ ہوگئے؟

فائل فوٹو

بالی وڈ کے نامور اداکار سونو سود نے غم و غصے کی ملی جلی کیفیت میں ایک پیغام جاری کیا ہے۔

بھارتی فلم انڈسٹری کے پروڈیوسر و اداکار سونو سود جہاں اپنی اداکارانہ صلاحیتوں کے باعث جانے جاتے ہیں وہیں ملک میں کبھی بھی مشکل صورتحال پیش آنے پر لوگ انہیں سب سے آگے کھڑا دیکھتے ہیں۔

اسی ضمن میں اداکار نے سوشل میڈیا سائٹ ٹوئٹر پر ایک پیغام جاری کیا جس میں انہوں نے شدید بے بسی کا اظہار کیا۔

اداکار کا کہنا تھا کہ 'ایک ایسے مریض کو کھو دینا جسے آپ بچانے کی کوشش کررہے تھے، بالکل ایسا ہے جیسے آپ نے خود کو کھو دیا ہو'۔

انہوں نے لکھا 'اس خاندان کا سامنا کرنا انتہائی مشکل ہے جن سے آپ نے وعدہ کررکھا ہو کہ ان کے پیاروں کو آپ کچھ نہیں ہونے دیں گے، انہیں بچالیں گے، آج میں نے ایسے ہی کچھ لوگوں کو کھو دیا ہے'۔

سونو سود نے خود کو بے بس قرار دیتے ہوئے مزید کہا کہ 'جس خاندان سے آپ دن میں دس مرتبہ بات چیت کرتے تھے ان سے اب ہمیشہ کیلئے تعلق ختم ہوگیا'۔

واضح رہے کہ بھارت میں کووڈ کی سنگین صورتحال کے پیش نظر دیگر اداکاروں کی طرح سونو سود بھی لوگوں کی مدد میں پیش پیش ہیں۔

مزید خبریں :