ارطغرل غازی میں حلیمہ سلطان کے کردار کی اردو صداکاری کس نے کی؟

فوٹو فائل

ترک ڈرامہ سیریل ارطغرل غازی کے اردو ورژن میں ’حلیمہ سلطان‘ کے کردار کیلئے صدا کاری کرنے والی پاکستانی آرٹسٹ ربیعہ راجپوت نے خواہش ظاہر کی ہے کہ حلیمہ سلطانہ کا کردار نبھانے والی ترک اداکارہ ’اسرا بلگیچ‘ خود ان کے کام کی تعریف کریں۔

شہرہ آفاق ترک ڈرامہ سیریز ارطغرل غازی کی مقبولیت نہ صرف پاکستان بلکہ کئی دیگر ممالک میں بھی ہے جب کہ ڈرامے کو  پاکستان ٹیلی وژن (پی ٹی وی) پر ناظرین کیلئے اردو زبان میں نشر کیا جارہا ہے۔

ڈرامے میں حلیمہ سلطان کے کردار کی اردو صداکاری پاکستانی وائس اوور آرٹسٹ ربیعہ راجپوت نے کی ہے۔

انڈیپنڈنٹ اردو کو انٹرویو دیتے ہوئے ربیعہ نے بتایا کہ جب شروع میں انہیں صداکاری کیلئے پروڈکشن ہاؤس سے آڈیشن کی کال آئی تو وقت کی کمی کے باعث انہوں نے صاف انکار کردیا لیکن بعد میں پراجیکٹ کی اہمیت کو مدِ نظر رکھتے ہوئے آڈیشن کیلئے رضامند ہوگئیں۔

ڈرامے میں حلیمہ سلطان کے کردار کی اردو صداکاری پاکستانی وائس اوور آرٹسٹ ربیعہ راجپوت نے کی ہے—اسکرین گریب

وائس اوور آرٹسٹ نے گفتگو کے دوران بتایا کہ 'میں ہر سین کو ایسے پرفارم کرتی ہوں گویا یہ سب میرے ساتھ ہورہا ہو، ڈبنگ کے دوران میں خیالی طور پر ڈرامے کے سیٹ پر ہی موجود ہوتی ہوں'۔

اپنے پسندیدہ سین سے متعلق ربیعہ نے بتایا کہ 'جب حلیمہ کے گھر بیٹوں کی پیدائش ہوتی ہے، وہ سین میرا پسندیدہ تھا، اس کے علاوہ چوتھے سیزن میں جب ارطغرل غازی مشکلات سے بچ کر قبیلے میں واپس لوٹتا ہے تو اس سین نے مجھے رلا دیا تھا'۔

ان کا کہنا تھا کہ 'میں چاہتی ہوں اسرا بلگیچ خود میری آواز سنیں اور مجھے سراہیں‘۔ 

انہوں نے نہ صرف ایک گروپ کے ہمراہ ترکی جانے بلکہ وہاں ڈرامے کے کرداروں سے ملنے کی خواہش کا بھی اظہار کیا۔

یاد رہے کہ معروف ترک ڈرامہ سیریز ارطغرل غازی کے کئی کردار پاکستان آچکے ہیں جن میں ارطغرل اور عبدالرحمٰن غازی کا کردار ادا کرنے والے اداکار سمیت دیگر شامل ہیں۔

مزید خبریں :