03 جون ، 2021
وفاقی اور صوبائی حکومتوں نے میٹرک اور انٹرکی سطح پر صرف اختیاری مضامین کے امتحانات لینےکا فیصلہ کیا ہے، اس حوالے سے سربراہ انٹر بورڈز کمیٹی سندھ کا کہنا ہے کہ امتحانات کے حوالے سے تمام تیاریاں مکمل ہیں۔
وفاقی حکومت کے مطابق رواں برس کوئی طالب علم بغیر امتحان کے پروموٹ نہیں ہوگا بلکہ امتحان لازمی دینے ہوں گے ، فیصلہ کیا گیا ہےکہ کورونا صورت حال اور تعلیمی سلسلہ معطل رہنےکی وجہ سے صرف اختیاری مضامین کا امتحان لیا جائےگا۔
چیئرمین انٹر میڈیٹ بورڈ و سربراہ انٹر بورڈز کمیٹی سندھ ڈاکٹر سعید الدین کے مطابق بورڈز کی امتحانات سے متعلق تیاریاں مکمل ہیں، جلد اختیاری مضامین سے متعلق نوٹیفکیشن جاری کردیا جائےگا۔
جیونیوز سے گفتگو میں ڈاکٹر سعید الدین کا کہنا تھا کہ میٹرک سائنس کا طالب علم طبیعیات (فزکس) اور ریاضی (میتھ) کا امتحان دے گا جب کہ جنرل گروپ کے طالب علم کے لیے اختیاری مضامین سے متعلق اعلان جلد کیا جائے گا۔
انہوں نے بتایا کہ بارہویں جماعت میں انجینیئرنگ کے طلبا فزکس، کیمسٹری، ریاضی کے پرچے دینگے، بارہویں میڈیکل گروپ کے طلبا فزکس، کیمسٹری، بائیولوجی کے پرچے دینگے، بارہویں جنرل سائنس کے طلبا کمپیوٹر سائنس ، اکنامکس، شماریات کے پرچے دینگے جبکہ کامرس گروپ کے طلبا پرنسپلز آف کامرس ، شماریات، بزنس کے پرچے دینگے۔
دوسری جانب چیئرمین ٹیکنیکل بورڈ ڈاکٹر مسرور شیخ کا کہنا تھا کہ ہمارے طلبا کو ٹیکنالوجی کے اختیاری مضامین دینا ہوں گے تاہم لازمی مضامین جیسے اردو،اسلامیات، انگریزی وغیرہ کے امتحانات نہیں لیے جائیں گے۔
اُدھر صوبائی وزیر تعلیم سعید غنی کا کہنا ہےکہ وزیر برائے وفاقی تعلیم شفقت محمود کا اعلان کردہ شیڈول سندھ کا شیڈول نہیں ہے،سندھ کےتعلیمی شیڈول کا اعلان جلد کردیا جائےگا۔
خیال رہےکہ گذشتہ روز بین الصوبائی وزرائے تعلیم کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر برائے وفاقی تعلیم شفقت محمود نے اعلان کیا تھا کہ رواں سال امتحانات لازمی ہوں گے اور نویں اور دسویں کے صرف اختیاری مضامین کے پیپر لیے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ نویں اور دسویں کے صرف چار مضامین کے امتحانات ہوں گے جب کہ 11 ویں اور 12 ویں کے صرف اختیاری مضامین کے امتحانات لیے جائیں گے۔