06 جون ، 2021
شادی کے دن دولہن کے گھر دولہا کا بارات لے کر پہنچنا تو لازمی سی بات ہے لیکن ایک دولہن سے شادی کے لیے دو دولہا بارات لے کر پہنچ جائیں اس پر یقین کرنا کسی بھی شخص کیلئے ناممکن سا ہے ۔
تاہم درحقیقت ایسا ہی ایک واقعہ بھارتی ریاست اتر پردیش میں پیش آچکا ہے جہاں شادی کے دن دولہن کے گھر ایک بارات کے بجائے دو دولہا بارات لے کر پہنچ گئے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق سرن گاؤں کی رہائشی موہانی کی شادی پھولن پور گاؤں کے رہائشی ببلو کے ساتھ طے کی گئی تھی، منصوبے کے عین مطابق ببلو باراتیوں کے ہمراہ جب موہانی کے گھر پہنچے تو عین بارات کے استقبال کے وقت موہانی کے گھر حیات نگر کے رہائشی اجیت بھی باراتیوں کے ہمران آن پہنچے ۔
بھارتی میڈیا کا دعویٰ ہے کہ اجیت اور موہانی کی پہلے سے دوستی تھی تاہم موہانی کے اہل خانہ کی جانب سے اجیت سے شادی کے انکار پر موہانی کی شادی ببلو سے طے کردی گئی۔
جب موہانی کی ببلو سے شادی کی اطلاع اجیت کو ملی تو اجیت نے بھی اسی دن اور اسی وقت موہانی کے گھر بارات لے جانے کا فیصلہ کیا، تاہم اس غیر معمولی صورتحال نے شادی کی تقریب میں ایک ہنگامہ برپا کردیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق موہانی نے ایک دولہا (ببلو )کو ہار پہنایا جب کہ دوسرے دولہا(اجیت ) سے شادی کرکے رخصت ہوگئی جس پر پہلے دولہا کے گھر والے طیش میں آگئے اور ہنگامہ کردیا۔
بعد ازاں پولیس نے مداخلت کرتے ہوئے لڑکی کے والد اور انکل سمیت اجیت کے اہل خانہ کو حراست میں لے لیا، پولیس کی جانب سے تفتیش کاسلسلہ جاری ہے۔