بیرون ممالک جانے والے افراد اور حاجیوں کو فائزر ویکسین نہ لگانےکا فیصلہ

فوٹو: فائل

بیرون ممالک جانے والے پاکستانیوں  اور حاجیوں کو کورونا وائرس کی  فائزر ویکسین نہیں لگائی جاسکےگی۔

وفاقی وزارت صحت کے حکام کا کہنا ہےکہ کوویکس معاہدہ آڑے آگیا ہے جس کے تحت فائزر ویکسین صرف کم قوت مدافعت والوں کو لگ سکتی ہے اور یہ  ویکسین بیرون ممالک کام،تعلیم اور حج پر جانے والوں کو نہیں لگ سکےگی۔

 حکام کاکہنا ہے کہ حکومت نے فائزر صرف کم قوت مدافعت والے افرادکو لگانے کا فیصلہ کیا اور یہ فیصلہ کوویکس کے ساتھ معاہدےکو مدنظر رکھتے ہوئےکیا گیا ہے۔

ترجمان وزارت صحت کا کہنا ہےکہ پاکستان کوویکس معاہدے کی پاسداری کرنےکا پابند ہے ،فائزر ویکسین کم قوت مدافعت والے افراد کو ہی لگائی جائے گی جب کہ دائمی امراض کے شکار افراد بھی ویکسین لگواسکیں گے۔

خیال رہےکہ اس سے پہلے حکومت نے اعلان کیا تھا کہ فائزر بیرون ممالک ورک ویزے ،تعلیم کے لیے جانے والے افراد اور حاجیوں کو لگائی جائےگی کیونکہ سعودی عرب اور بیشتر ممالک نے  بیرون ملک سے آنے والوں کے لیے چینی ویکسین کی منظوری نہیں دی ہے جو پاکستان میں لگائی جارہی ہے۔

ذرائع وزارت صحت کے مطابق کوویکس کے تحت پاکستان کو فائزر ویکیسن کی ایک لاکھ سے زائد خوراکیں ملی ہیں۔

مزید خبریں :