جہانگیر ترین کیس: ملزم کی گرفتاری کی ضرورت نہیں، ایف آئی اے کا عدالت میں جواب

فائل فوٹو

لاہور: ایف آئی اے کے تفتیشی افسر نے جہانگیر ترین اور علی ترین کیس میں عدالت کو آگاہ کیا ہےکہ اس مرحلے پر گرفتاری کی ضرورت نہیں ہے۔

جہانگیر ترین اور علی ترین عبوری ضمانت مکمل ہونے پر سیشن اور بینکنگ کورٹ میں پیش ہوئے۔

سیشن کورٹ میں دورانِ سماعت ایف آئی اے کے تفتیشی افسر نے کہا کہ  ہم ریکارڈ کا جائزہ لے رہے ہیں، اس مرحلے پرگرفتاری درکار نہیں لہٰذا ملزم کی گرفتاری کی ضرورت نہیں ہے۔

بینکنگ کورٹ میں سماعت کے دوران جہانگیر ترین کے وکیل نے دلائل میں کہا کہ اکاؤنٹ میں پیسے کہاں سے اورکیسے آئے سب تفصیل ہے، شیئر ہولڈر کی اجازت سے کمپنی کام کرتی ہے،  یہ کیس ایف آئی اے کے دائرہ اختیار میں نہیں تھا بلکہ کیس ایس ای سی پی کا تھا۔

اس موقع پر ایف آئی اے کے تفتیشی افسر کا کہنا تھا کہ ہم بنیادی حقوق پر یقین رکھتے ہیں، جہانگیر ترین اور علی ترین کی اس کیس میں گرفتاری کی ضرورت نہیں، اگر کوئی کارروائی کرنا ہو گی تو مطلع کر دیں گے۔

دورانِ سماعت جہانگیر ترین کے وکیل نے کہا کہ ہم درخواست ضمانت واپس لینا چاہتے ہیں جس کے بعد وکیل نے جہانگیر اور علی ترین کی بینکنگ کورٹ کیس میں درخواست ضمانت واپس لے لی۔

مزید خبریں :