20 جون ، 2021
بھارتی فلموں اور ڈراموں کی معروف اداکارہ حنا خان نے والد کے عالمی دن پر اپنے مرحوم والد کے لیے ایک جذباتی پیغام شیئر کیا ہے۔
دنیا بھر میں آج والد سے محبت کے اظہار کا دِن منایا جا رہا ہے اور اس موقع پر شوبز انڈسٹری کے فنکار اپنے والد کے لیے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر پیغامات جاری کر رہے ہیں۔
اداکارہ حنا خان نے انسٹاگرام پر اپنے والد کے ہمراہ کچھ یادگار تصاویر شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ یہ تصویریں انہوں نے کچھ ماہ قبل لی تھیں اور سوچا تھا کسی خاص دِن پوسٹ کریں گی۔
حنا خان نے کیپشن میں اپنے والد کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا کہ 'آج آپ کو ہم سے بچھڑے دو ماہ مکمل ہوگئے ہیں، یہ تصاویر ہم نے 7 ماہ قبل لی تھیں اور آپ کو نہیں دیکھنے دی تھیں کیونکہ میری خواہش تھی یہ کسی خاص دن پوسٹ کروں'۔
اداکارہ نے محبت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ 'میں نے کبھی نہیں سوچا تھا انہیں آج شیئر کروں گی، آپ کو یہ تصاویر دیکھنی چاہیے تھیں ڈیڈ'۔
والد کی یاد میں حنا کی اس پوسٹ پر کئی معروف شخصیات نے کمنٹ کیے اور ان کے لیے دعا بھی کی۔
خیال رہے اداکارہ حنا خان کے والد رواں برس 20 اپریل کو دِل کا دورہ پڑنے سے انتقال کرگئے تھے۔