20 جون ، 2021
اسپیکر بلوچستان اسمبلی عبدالقدوس بزنجو کا کہنا ہے کہ انہوں نے 18جون کے واقعے کی تحقیقات کے لیے متعلقہ حکام کو خط لکھ دیا ہے ، تحقیقات سے معلوم ہوگا کون قصور وار تھا اور کون نہیں۔
بلوچستان اسمبلی میں اپنے چیمبر میں میڈیا نمائندوں سے بات چیت میں اسپیکر بلوچستان اسمبلی عبدالقدوس بزنجو کا کہنا تھا کہ 18جون کےاسمبلی کے واقعے کے حوالے سے تحقیقات کے لیے متعلقہ حکام کو لکھ دیا گیا ہے۔
عبدالقدوس بزنجو کاکہنا تھا کہ تحقیقات ہوں گی تو سب چیزیں سامنے آجائیں گی کہ کون قصور وار تھا اور کون نہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ احتجاج اپوزیشن کا حق ہے،اپوزیشن کے حکومت کے ساتھ تحفظات تھے، مگر حکومت کی مرضی ہےکہ وہ فنڈ دے یانہ دے ، آج کے پارلیمانی رہنماؤں کے بلائے گئے مشاورتی اجلاس کا مقصد بھی یہی تھا کہ چیزوں کو بہتر کیا جائے، ان کا کام اسمبلی کوبہتر چلانا ہے، انہوں نے اپوزیشن پر زور دیا کہ وہ اسمبلی کےآئندہ اجلاسوں میں آئیں اور اس طرح کا واقعہ دوبارہ رونما نہ ہو۔
خیال رہےکہ 18 جون کو بجٹ اجلاس سے قبل اپوزیشن کے احتجاج کے باعث بلوچستان اسمبلی کا احاطہ میدان جنگ بن گیا تھا۔
اسمبلی کے بجٹ اجلاس سے قبل اپوزیشن ارکان نے اسمبلی کے چاروں دروازے تالے لگا کر بند کردیے تھے۔ پولیس حکام نے ایم پی اے ہاسٹل کےقریب اسمبلی گیٹ کھلوانے کی کوشش کی جس پر اپوزیشن ارکان اور پولیس حکام میں تلخ کلامی ہوئی۔
اس دوران پولیس کی بکتر بندگاڑی نے ٹکر مارکر اسمبلی کا گیٹ توڑ دیا جس کے زد میں آکر ارکان اسمبلی بابورحیم اور عبدالواحد صدیقی زخمی ہوگئے۔ واقعے کے بعد پولیس اور اپوزیشن ارکان آمنے سامنے آگئے اور ہاتھاپائی ہوئی جبکہ پولیس نے اپوزیشن ارکان کو منتشر کرنے کے لیے شیلنگ کی۔
ہنگامہ آرائی میں کئی اپوزیشن ارکان زخمی ہوگئے جب کہ اسمبلی میں رکھےکئی گملے اور شیشے ٹوٹ گئے۔