Time 21 جون ، 2021
پاکستان

بلوچستان اسمبلی ہنگامہ آرائی کے مقدمے میں نامزد اپوزیشن کے 16ارکان نےگرفتاری دیدی

بلوچستان اسمبلی میں ہنگامہ آرائی کے مقدمے میں نامزد اپوزیشن لیڈر ملک سکندر سمیت 16ارکان نے گرفتاری دے دی ۔

کوئٹہ کے بجلی روڈ تھانے میں درج ایف آئی آر میں اپوزیشن لیڈر سمیت 17 اراکین کے خلاف  اقدام قتل ، بلوا اور کورونا ایس او پیزکی خلاف ورزی  سمیت متعدد دفعات لگائی گئی ہیں۔

بلوچستان اسمبلی میں قائد حزب اختلاف ملک سکندر ایڈووکیٹ سمیت 16اپوزیشن اراکین گرفتاری دینے کےلیے دیگر اراکین اور رہنماؤں کے ہمراہ کوئٹہ میں تھانہ بجلی روڈ پہنچے جہاں انہوں نےگرفتاری پیش کی،اس موقع پر تھانے کے باہر اپوزیشن جماعتوں کے کارکن بھی موجود تھے۔

تاہم پولیس حکام کا کہنا ہے کہ انہیں گرفتار نہیں کیا گیا، اپوزیشن اراکین کےخلاف مقدمہ انکوائری کے مراحل میں ہے، مقدمے کے باوجود بغیر ثبوت کسی کو گرفتار نہیں کیا جاسکتا۔

خیال رہے کہ 18 جون کو بجٹ اجلاس سے قبل بلوچستان اسمبلی میں ہنگامہ آرائی پر اپوزیشن کے17اراکین کےخلاف مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

اپوزیشن رہنما ملک سکندر کا کہنا ہے کہ ان کا احتجاج کٹھ پتلی حکومت کے خاتمے تک جاری رہےگا۔

مزید خبریں :