22 جون ، 2021
پشتونخواہ ملی عوامی پارٹی کے سینئر رہنما اور سابق سینیٹر عثمان خان کاکڑ کراچی میں انتقال کرگئے، ان کا شمار پارٹی کے سرکردہ رہنماؤں میں ہوتا تھا۔
عثمان خان کاکڑ 1961 میں قلعہ سیف اللہ کے علاقے مسلم باغ میں پیدا ہوئے، انہوں نے ابتدائی اور ثانوی تعلیم اپنے علاقے اور کوئٹہ میں حاصل کی جب کہ 1987 میں لاء کالج کوئٹہ سے ایل ایل بی کیا، زمانہ طالب علمی سے ہی پشتون اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے فعال ممبر رہے۔
عثمان کاکڑ نے وکالت کی تعلیم حاصل کرنے کے بعد پشتونخواہ میپ کے پلیٹ فارم سے باقاعدہ سیاست کا آغاز کیا، انہوں نے اپنی بردباری اور ثابت قدمی سے پارٹی میں اہم مقام حاصل کیا اور اسی بناء پر وہ پارٹی کے چیئرمین محمود خان اچکزئی کے با اعتماد قریبی ساتھیوں میں شامل رہے۔
پارٹی کے علاوہ وہ سیاسی اور قوم پرست حلقوں میں صاف گو، زیرک اور سنجیدہ سیاستدان کے طور پر جانے جاتے تھے، وہ مارچ 2015 سے مارچ 2021 تک سینیٹ کے رکن بھی رہے، اس دوران وہ نہ صرف صوبے بلکہ ملک کے پسے ہوئے عوام کی بھرپور آواز بنے۔