26 جون ، 2021
اداکارہ مہوش حیات کے حوالے سے انکشاف ہوا ہےکہ انہیں بالی وڈ فلم فینی خان کے کی پیشکش کی گئی تھی تاہم ان کے انکار کے باعث یہ کردار ایشوریا رائے نے نبھایا۔
برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کو دیے گئے ایک پرانے انٹرویو میں مہوش حیات کے حوالے سے انکشاف کیا گیا کہ انہیں ماضی میں بالی وڈ فلم فینی خان اور ڈیڑھ عشقیہ کی پیشکش کی گئی تاہم انہوں نے دونوں پیشکشوں کو مسترد کردیا۔
’وہ تمام اداکار جو بالی وڈ میں کام کرچکے ہیں وہ اس قسم کے رویے کے مستحق نہیں‘
مسئلہ کشمیر کے حوالے سے بھارت کی جانب سے پاکستانی فنکاروں کے ساتھ سلوک پر مہوش حیات نے کہا تھا کہ میرے خیال میں یہ مناسب نہیں ہے ،کیوں کہ وہ تمام اداکار جو بالی وڈ میں کام کرچکے ہیں وہ اس قسم کے رویے کے مستحق نہیں۔
’ بھارت میں پاکستانی فنکاروں کے ساتھ بدسلوکی کی وجہ سے پاکستانی سنیما میں کام کرنے کا فیصلہ کیا‘
اداکارہ نے کہا کہ بھارت میں پاکستانی فنکاروں کے ساتھ بدسلوکی کی وجہ سے بھارت کے بجائے پاکستانی سنیما میں کام کرنے کا فیصلہ کیا۔
دوران انٹرویو میزبان نے سوال کیا کہ آپ کو فلم فینی خان اور مادھوری ڈکشٹ کے ہمراہ ڈیڑھ عشقیہ جیسی بڑی فلموں کی پیشکش کی جاچکی ہے تاہم آپ نے یہ پیشکش ٹھکرادیں۔
میزبان کے سوال پر وضاحت دیتے ہوئے مہوش حیات کا کہنا تھا کہ انہیں فلم ڈیڑھ عشقیہ کے کچھ مناظر سے اختلاف تھا اوریہی وجہ انکار کا سبب بنی۔
واضح رہےکہ 2018 میں ریلیز ہونے والی فلم فینی خان میں ایشوریا نے مرکزی کردار ادا کیا تھا جب کہ ڈیڑھ عشقیہ 2014 میں ریلیز ہوئی جس میں ہما قریشی اور مادھوری نے کردار نبھائے۔