26 جون ، 2021
کراچی کے پوش علاقے ڈیفنس میں سینیئر وکیل کو کاٹنے والے پالتو کتوں کے مالکان کے نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں شامل کرنے کے لیے پولیس نے وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) امیگریشن کو خط لکھ دیا۔
پولیس کے مطابق ای سی ایل میں نام دلوانے کی درخواست اس لیے دی گئی ہے کہ ضمانت قبل از گرفتاری منسوخ ہونے پر کتوں کا مالک ہمایوں علی خان اور بیٹا دانیال علی ملک سے فرار نہ ہوپائیں۔
اس سلسلے میں ایس ایس پی انویسٹی گیشن ساؤتھ مرزا محمد عمران نے ایف آئی اے امیگریشن کو آگاہ کر دیا ہے اور خط میں کہا ہے کہ ان دونوں ملزمان کے نام وزارت داخلہ کی ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں شامل کیے جائیں۔
خیال رہے کہ عدالت نے ڈیفنس میں سینئر وکیل مرزا علی اختر پر حملہ کرنے والے پالتو کتوں کے مالک کی درخواست ضمانت منسوخ کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کرنے کا حکم جاری کر دیا ہے۔
واضح رہے کہ چند روز قبل کراچی کے علاقے ڈیفنس میں ہمایوں خان کے پالتو کتوں نے سینئر وکیل مرزا اختر علی کو کاٹ کر شدید زخمی کر دیا تھا، واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی منظر عام پر آئی تھی جس میں دو کتوں کو وکیل پر حملہ کرتے دیکھا گیا تھا۔
کراچی بار ایسوسی ایشن نے پالتو کتوں کی جانب سے سینئر وکیل کو کاٹنے کے خلاف مذمتی قرارداد منظور کی تھی۔